کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلیمور 2 روزہ دورے پر ہنزہ پہنچ گئیں

پیر 17 فروری 2020 16:48

کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلیمور 2 روزہ دورے پر ہنزہ پہنچ گئیں
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلیمور 2 روزہ دورے پر ہنزہ پہنچ گئیں۔ انہوں نے ہنزہ کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران التت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ اور گلگت بلتستان میں دنیا کی خوبصورت ترین پہاڑی چوٹیاں، وادیاں اور پہاڑی سلسلے واقع ہیں، کینیڈا گلگت بلتستان میں سرمائی سیاحت اور سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا، کینیڈا اور گلگت بلتستان میں موسم اور پہاڑوں کی وجہ سے یکسانیت پائی جاتی ہے اور آئندہ سال آئس ہاکی کھیلنے کیلئے ہم ہنزہ آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں آئس ہاکی موسم سرما کا قومی کھیل ہے ، کینیڈا میںموسم سرما میں نوجوانوں کیلئے سرمائی کھیل گھروں سے نکل کر مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا ایک اہم ذریعہ ہے اور گلگت بلتستان اور ہنزہ کیلئے بھی یہ ایک اہم سرگرمی ثابت ہو گی، ہنزہ اور گلگت بلتستان سیاحوں کے لیے ایک بہترین مقام ہے، میں آج یہاں اپنے ملک کے شہریوں کیلئے حالات کا جائزہ لینے کیلئے آئی ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ ہنزہ ، گلگت بلتستان اور پاکستان کے بارے میں ہماری سوچ میں مثبت تبدیلی آئے گی، ہم گلگت بلتستان ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کریں گے جس سے سرمائی کھیلوں سمیت سرمائی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا ، ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم آغا خان رولر سپورٹ پروگرام کے ساتھ مل کر دہائی سے قبل گلگت بلتستان کی تعمیروترقی کیلئے کام کرتے آئے ہیں اور آج ہنزہ جیسا خوبصورت علاقہ دیکھنے کاموقع ملا ہے۔

(جاری ہے)

کینیڈین ہائی کمشنر نے التت کے 900 سال قدیم آبادکاری اور 900 سال قدیم التت قلعہ کا بھی دورہ کیا۔ التت ٹائون مینجمنٹ کی جانب سے پیش کردہ رنگا رنگ استقبالیہ پروگرام میں ہائی کمشنر وینڈی گلیمور نے ہنزہ اور گلگت بلتستان کی روایتی دھنوں پر رقص کیا اور روایتی کھانوں سے محظوظ ہوئیں، وینڈی گلیمور التت میں موجود تالاب میں بچوں کو عملی طور پر آئس ہاکی اور آئس سکیٹنگ سکھائی۔