جھنگ،گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول مختارآباد میں ''بھارت کشمیر سے نکل جا'' سیمینار کا انعقاد

پیر 17 فروری 2020 20:36

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول مختارآباد میں ''بھارت کشمیر سے نکل جا'' سیمینار کا انعقادہوا۔ ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم طارق نے سیمینار میںخصوصی طورپر شرکت کی جبکہ نسرین عبداللہ ڈپٹی ڈی ای او احمدپورسیال،تحسین عبداللہ اے ای او، محمدفاروق بلوچ،محمدصدیق جام سمیت معززین علاقہ اور سول سوسائٹی کی کثیرتعداد میں موجود تھے۔

ایم پی اے مولانا معاویہ اعظم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر ہے دونوں جدا نہیں ہوسکتے۔ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیر یوں کے سفیر بن کر انکی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری ہماری شہ رگ کو بچانے کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کر فیو،بندوق اور گولی کی طاقت سے بھی نریندر مودی کشمیر یوں کی آوازکودبا نہیں سکا۔

کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر پاکستانی اپنی جان بھی قر بان کرنے کو تیار ہے۔ آج یورپی پار لیمنٹ اور اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیر یوں کی آواز سنی جا رہی ہے۔بھارت میں متنازعہ شہریت قانون لا کر مودی نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا۔ آر ایس ایس کے ذریعے کشمیر میں ہندو کو آباد کرنے کے بھارتی منصوبہ کا دنیا نوٹس لے۔

سیمینا ر میں طلباء نے ہا تھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے جبکہ شرکاء نے کشمیریوں کے حقوق کی بحالی کے حوالے سے فلک شگاف نعرے بھی بلند کیے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بھر پو ر حمایت کا اعلان کیااور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور بھارت کو مجبور کریں کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے اور انہیں ان کی مرضی کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار دے۔سیمینار کے اختتام پر کشمیریوں کی آزادی کے لئے اجتماعی دعا بھی کروائی گئی۔