تحریک انصاف کی حکومت نے 3 ماہ کے دوران 522 ارب روپے کا قرضہ واپس کر دیا

رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں قرضوں میں 522 ارب روپےکی کمی ہوئی، تاہم ملک پرقرضوں کا مجموعی بوجھ 40ہزار993ارب روپے ہوگیا

muhammad ali محمد علی پیر 17 فروری 2020 23:12

تحریک انصاف کی حکومت نے 3 ماہ کے دوران 522 ارب روپے کا قرضہ واپس کر دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) تحریک انصاف کی حکومت نے 3 ماہ کے دوران 522 ارب روپے کا قرضہ واپس کر دیا، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں قرضوں میں 522 ارب روپےکی کمی ہوئی، تاہم ملک پرقرضوں کا مجموعی بوجھ 40ہزار993ارب روپے ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک کے کل قرضوں کے حجم کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملکی قرضوں میں11ہزار114ارب روپےکا اضافہ ہوا جبکہ ملک پرقرضوں کا مجموعی بوجھ 40ہزار993ارب روپے ہوگیا۔ ملک پرقرضوں کا بوجھ جی ڈی پی کے94.1فیصد ہوچکا ہے۔ ڈیڑھ سال میں اندرونی قرضوں کےبوجھ میں 5ہزار260ارب روپےکا اضافہ ہوا جبکہ ڈیڑھ برس میں بیرونی قرضوں میں 3ہزار198ارب روپےکا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک پردسمبر2019تک اندرونی قرضوں کا بوجھ 21ہزار676ارب روپےرہا جبکہ دسمبر2019تک بیرونی قرضوں کا بوجھ 10ہزار993ارب روپے رہا۔ مرکزی بینک کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہہ ماہی میں قرضوں کے بوجھ میں کمی دیکھنے میں آئی۔ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران قرضوں میں 522 ارب روپےکی کمی ہوئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ وفاقی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال میں ملکی قرضوں میں11ہزار114ارب روپے کے اضافے میں زیادہ تر حصہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ہے۔ جبکہ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک پر واجب الادا قرضوں کا بوجھ خطرناک سطح پر پہنچ چکا ہے۔ حکومت مالی سال کے دوران جتنا بھی پیسہ اکٹھا کرتی ہے، وہ قرض اور اس کے سود کی ادائیگی میں خرچ ہو جاتا ہے، یوں اب حکومت کو ہر سال تقریباً 4 ہزار ارب روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔