Live Updates

پنجاب مہنگائی کے بے قابو طوفان کی زد میں

مرغی 600، بھنڈی 300، آم 350، سیب 650 روپے کے ہو گئے، دیگر سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں بھی بے قابو ہو گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 18 جولائی 2025 20:58

پنجاب مہنگائی کے بے قابو طوفان کی زد میں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2025ء) پنجاب مہنگائی کے بے قابو طوفان کی زد میں، مرغی 600، بھنڈی 300، آم 350، سیب 650 روپے کے ہو گئے، دیگر سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں بھی بے قابو ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے والی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت صوبے میں مہنگائی پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔

پنجاب میں سبزیوں، پھلوں، چکن سمیت عوام کے استعمال کی عام اشیاء کی قیمتیں بے قابو ہو گئی ہیں۔ مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 600 روپے پر پہنچ گئی جبکہ فی درجن انڈے 260 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔انڈوں کی پیٹی اب 7 ہزار 680 روپے تک جا پہنچی ہے۔ سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ بھنڈی 300 روپے فی کلو، شملہ مرچ 180 روپے فی کلو اور اروی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

پھلوں کی قیمتوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سیب 650 روپے فی کلو، آڑو 380 روپے فی کلو، اور آم (سندھڑی) 320 روپے فی کلو میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے، نئے مالی سال کے تیسرے ہفتے میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگیا، ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح 0.38 فیصدبڑھنے کے بعد مجموعی سالانہ شرح منفی 1.61 فیصد پر آگئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں، 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے ڈیزل 4.15 اور پیٹرول کی قیمت 2 فیصد بڑھ گئی، ایک ہفتے میں چکن 8.31 اور انڈی5.87 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیاز 1.76 اور آلوکی قیمت میں1.46 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن کی قیمت میں 1.70 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم ٹماٹر، آٹا، کوکنگ آئل، چینی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات