طوالت پکڑتی یوکرین جنگ میں جرائم کی بدلتی شکل پر رپورٹ

یو این جمعہ 18 جولائی 2025 23:00

طوالت پکڑتی یوکرین جنگ میں جرائم کی بدلتی شکل پر رپورٹ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 18 جولائی 2025ء) یوکرین میں جاری جنگ کے نتیجے میں نقل مکانی کے ساتھ انسانی سمگلنگ کے خطرے میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ سنتھیٹک منشیات کی طلب بڑھ گئی ہے اور جرائم پیشہ گروہ اپنے کام کے طریقوں میں جدت لے آئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ فروری 2022 میں یوکرین پر روس کا حملہ شروع ہونے کے بعد تقریباً چار سال میں ملک کی قانونی و غیرقانونی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

Tweet URL

یو این او ڈی سی میں شعبہ تحقیق و تجزیے کی سربراہ انجیلا مے نے کہا ہے کہ جنگ کے باعث یوکرین کے لوگوں کو ناصرف ناقابل بیان تکالیف کا سامنا ہے بلکہ منظم جرائم بھی جدید صورت اختیار کر رہے ہیں جس کا بحالی اور تعمیرنو کے لیے ملک کے سفر پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ رپورٹ ملک میں منظم جرائم کے ڈھانچے میں آنے والی تبدیلیوں کا احاطہ کرتی ہے جس میں منشیات کی سمگلنگ اور پیداوار، آن لائن دھوکہ دہی، اسلحے کی سمگلنگ، معاشی جرائم، انسانی سمگلنگ اور لوگوں کو غیرقانونی طور پر ملک سے باہر بھیجنے اور عسکری خدمات سے بچنے میں سہولت دینے کا بطور خاص تذکرہ ہے۔

منشیات کی سمگلنگ

رپورٹ کے مطابق، اگرچہ 2022 کے بعد یوکرین کے ذریعے کوکین اور ہیروئن کی سمگلنگ میں نمایاں کمی آئی ہے لیکن کیتھینون اور میتھاڈون جیسی سنتھیٹک منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

حالیہ برسوں میں ڈارک نیٹ کے ذریعے کیتھینون کی سمگلنگ میں وسعت آئی ہے اور اس میں ہائیڈرا جیسے پلیٹ فارم اہم کردار ادا کرتے ہیں جسے اپریل 2022 میں ختم کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین میں تیار کی جانے والی بیشتر میتھاڈون ملک کے اندر ہی سمگل ہوتی ہے کیونکہ اس کی طلب میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔

اسلحہ کی غیرقانونی تجارت

جنگ کے باعث ملک میں اسلحہ کی دستیابی بھی بڑھ گئی ہے اور میدان جنگ سے بڑی مقدار میں آنے والے ہتھیار اس کا اہم سبب ہیں۔

فاضل ہتھیاروں کی موجودگی میں شہریوں کے مابین تشدد بھی بڑھ گیا ہے جس میں گھریلو اور ازدواجی ساتھی کے تشدد میں اضافہ خاص طور پر قابل ذکر ہے۔

اگرچہ بڑی مقدار میں اسلحے کی بیرون ملک سمگلنگ کی کوئی شہادت نہیں ملی تاہم 'یو این او ڈی سی' کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں بھی چوکس رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک میں اسلحہ کی بھاری مقدار موجود ہے اور خطے میں ایسے جرائم پیشہ عناصر ہمیشہ سے موجود رہے ہیں جو اسلحے کی سمگلنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ فی الوقت عسکری مقاصد کے علاوہ ڈرون کے استعمال کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن غیر عسکری ڈرون اور اگلے محاذ پر حملوں کے لیے تیار کیے جانے والے اس کے تھری ڈی پرنٹڈ اجزا نئی غیرقانونی منڈی کو تقویت دے سکتے ہیں۔

انسانی سمگلنگ

یوکرین میں جنگ کے باعث تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں اور بعض جرائم پیشہ گروہ ان میں بہت سے لوگوں کو پناہ گاہوں اور رہائشی سہولیات پر پہنچانے کا دھوکہ دے کر ایسی جگہوں پر لے جاتے رہے ہیں جہاں ان سے جبری مشقت لی جاتی ہے۔

اگرچہ ملکی سرحدوں کی کڑی نگرانی ہو رہی ہے اور مشرقی و شمال مشرقی سرحد تقریباً مکمل طور پر بند ہے جس کے نتیجے میں پناہ گزینوں کی یوکرین کے ذریعے سمگلنگ بھی محدود ہو گئی ہے، تاہم انسانی سمگلروں نے یوکرین کے مردوں کو عسکری خدمات سے بچنے میں سہولت دینے کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

یوکرین میں اقوام متحدہ کے امدادی رابطہ کار میتھائس شمل نے کہا ہے کہ ملک میں منظم جرائم کی بیخ کنی پائیدار امن، انصاف، قومی سلامتی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا تقاضا کرتی ہے اور اقوام متحدہ اس ضمن میں ملک کو ہر طرح کی مدد دینے کے لیے تیار ہے۔