Live Updates

جماعت اسلامی کا مہنگی بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور شوگرمافیا کیخلاف ملک گیراحتجاج

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی جبکہ پاکستان میں عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے، حکومت چینی مافیا کو لگام دے اور بجلی کی قیمتوں کو بھی فوری کنٹرول کرے۔ مقررین کا احتجاجی مظاہروں سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 جولائی 2025 21:00

جماعت اسلامی کا مہنگی بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور شوگرمافیا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 18 جولائی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جمعہ کو مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور شوگر مافیا کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت، کارکنان اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے بینرز، کتبے اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ انھوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے اور مہنگائی میں کمی کے مطالبات کیے۔ بینرز اور کتبوں پر حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں مرکزی جماعت اسلامی منصورہ کے سامنے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام بھٹہ چوک، قزلباش چوک اور دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین سے نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی) ذکراللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ پشاور میں ہونے والے بڑے مظاہرے کی قیادت سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان، ضلعی سیکرٹری جنرل ہدایت اللہ خان، امیرشہر حافظ حمید اللہ ایڈووکیٹ اور صدر جے آئی یوتھ پشاور اسامہ میر نے کی۔

گلیانہ گجرات میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، نائب امیر صوبہ ڈاکٹر خالد محمود ثاقب،امیر ضلع چوہدری انصر محمود دھول ایڈووکٹ و دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔ تیمرگرہ دیر پائن میں مظاہرین نے بلامبٹ احیاء العلوم سے گورگوری چوک تک پیدل مارچ کیا، اس دوران حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی گئی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی لوئر دیر کے ضلعی امیر و سابق رکن قومی اسمبلی مولانا اسد اللہ خان نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں لیکن پاکستان میں عوام پر مسلسل مہنگائی کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چینی مافیا کو لگام دے اور بجلی کی قیمتوں پر فوری کنٹرول کرے۔

مقررین نے کہا کہ شوگر مافیا حکومتی سرپرستی میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ اضافہ فوری واپس لیا جائے اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو ریلیف دیا جائے۔مظاہرے سے صوبائی ترجمان حافظ یعقوب الرحمن، ضلعی جنرل سیکرٹری شعیب احمدو دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
ساہیوال پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت امیر ضلع طیب محمود بلوچ و دیگر ذمہ داران نے کی۔

امیر جماعت کی اپیل پر صوابی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع صوابی مفتی مراد نے خطاب کیا۔ فریدآباد ضلع دادو میں عوام کی بڑی تعداد نیمہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔گوجرہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت امیر ضلع ڈاکٹر عطاء اللہ حمید، امرائے زون محمود عزمی اور حیدر علی چوہدری نے کی۔ امیر ضلع میاں عبد القیوم ہنجرا نے چنیوٹ میں مظاہرین سے خطاب کیا جب کہ اوکاڑہ میں ہونے والے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت نائب امیر ضلع اوکاڑہ رائے عتیق الرحمن کھرل، امیر شہر انجینئر سلمان اظہر شیخ نے کی۔

ضلع فیصل آباد غربی میں احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع سردار عثمان علی ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر گھوٹکی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی نے کی۔ حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع حافظ طاہر مجید نے خطاب کیا۔ امیر ضلع مولانا اسد اللہ خان اور سیکرٹری جنرل شعیب احمدنے دیر میں ہونے والے مظاہرے سے خطاب کیا۔

ٹنڈواللہ یار میں مظاہرے کی قیادت قائم مقام امیرضلع دیدار حسین بہرانی، امیر شہر جاوید علی، قیم ضلع عاشق حسین خانزادہ اور صدر یوتھ محمد صابر مغل نے کی۔جیکب آباد میں امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جیکب آباد ٹھل میں احتجاجی مظاہرہ کے شرکا سے امیر ضلع محمد ابوبکر سومرو، نائب امیر ضلع علامہ محمد حنیف کھوسہ اور امیر شہر ٹھل عابد علی لاشاری نے خطاب کیا۔

مردان میں امیر ضلع غلام رسول جب کہ بنوں میں ضلعی سیکرٹری جنرل اعجاز الحق سورانی اور سٹی زون کے امیر مولانا ہدایت اللہ نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔ راجو نظامانی میں احتجاجی مظاہرہ سے مقامی امیر عبیداللہ نظامانی، عامر شیخ اور عبدالوحید نظامانی نے خطاب کیا،بدین، سکھر، نصیر آباد،کندکوٹ اور چشتیاں میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے۔

نوشہرہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے امیر ضلع حاجی عنایت الرحمٰن، نائب امیر ڈاکٹر ذوالفقار درانی، زونل امراء جاوید اقبال، سلیم مغل و دیگر نے خطاب کیا۔ مٹیاری میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے کی قیادت امیر ضلع فقیر محمد لاکھو نے کی۔ ٹھٹھہ میں امیر ضلع ایڈوکیٹ عبدالمجید سمو و جب کہ جھنگ میں احتجاجی مظاہرہ سے امیر ضلع فرید احمد مگھیانہ نے خطاب کیا۔میرپورخاص میں مدینہ مسجد چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنماؤں حاجی نور اگہی مغل، ڈاکٹر مسعود عباس،مفتی عبدالعزیز بروہی اور نادر خان نے خطاب کیا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات