Live Updates

بارش نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا پول کھول دیا

صرف 3 ماہ پہلے تعمیر ہونے والی لاہور کی ایک اور سڑک میں گہرا شگاف پڑ گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 00:25

بارش نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا پول کھول دیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جولائی ۔2025 ) بارش نے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا پول کھول دیا، صرف 3 ماہ پہلے تعمیر ہونے والی لاہور کی ایک اور سڑک میں گہرا شگاف پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں کافی تباہی مچی ہے۔ مون سون کی حالیہ بارشوں نے اسلام آباد اور لاہور میں ہونے والے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا پول بھی کھول دیا۔

مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث اسلام آباد اور لاہو کی کئی حال ہی میں تعمیر ہونے والی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور گنجان آباد علاقے علامہ اقبال ٹاون میں جمعہ کے روز نیلم بلاک سے وحدت ٹاون کی جانب سے جانے والی شاہراہ پر گہرا شگاف پڑ گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر 3 ماہ قبل ہی مکمل ہوئی تھی۔ جبکہ اس سے قبل لاہور کے دیگر کئی علاقوں میں بھی مون سون بارشوں کے دوران گہرے شگاف پڑ چکے۔

مون سون بارشوں کے دوران شوکت خانم ہسپتال کے قریب، اسلام پورہ، کینال روڈ پر گہرے شگاف پڑ گئے، جس سے ترقیاتی کاموں کے معیار پر سوالات اٹھ گئے۔ واضح رہے کہ مون سون کے خطرناک اسپیل نے تباہی مچادی، پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حالیہ بارشوں کے دوران پوٹھوہار ریجن میں تقریبا 1000 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پرپہنچایا گیا۔ مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 21 جولائی سے شروع ہو نے کا امکان ہے ۔
                                                                
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات