بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں قتل ہوئے صحافی عزیز میمن کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرا دی

اگر مقتول صحافی کے ورثا چاہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تو کمیشن تشکیل دے دیا جائیگا، اگر وہ چاہتے ہیں کہ کسی قابل پولیس افسر سے تحقیقات کرائی جائیں تو ہم اسکے لیے بھی تیار ہیں: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا اردو پوائنٹ کے نمائندے فرخ شہباز وڑائچ کے سوال پر جواب

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعرات 20 فروری 2020 00:22

بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں قتل ہوئے صحافی عزیز میمن کو انصاف دلانے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 19 فروری 2020) : بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں قتل ہوئے صحافی عزیز میمن کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرا دی، تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای اس وقت پنجاب کے دورے پر ہیں۔ آج انھوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کی۔ اس پریس کانفرنس میں اردو پوائنٹ کے نمائندے فرخ شہباز وڑائچ کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اس وقت پنجاب میں صحافی شعبے کا برا حال ہے، سندھ میں بھی ایک صحافی کو قتل کیا گیا، انھوں نے اپنا ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انھوں نے قتل کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف کیا تھا، کیا انکو انصاف دیا جائیگا؟ اسکا جواب دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم عزیز میمن کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہمارا ریکارڈ آپکے سامنے ہے، جب بھی صحافیوں پر دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات ہوتے ہیں یا انکے اوپر دہشتگردی کے حملے ہوتے ہیں تب پاکستان پیپلز پارٹی انکے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے، اگر ہمارا نقصان بھی ہو جائے تو اسے برداشت کرتے ہیں، تعمیری تنقید سے معاشرے میں بہتری آتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عزیزمیمن کو جس حلقے میں قتل کیا گیا اسی حلقے میں پیپلز پارٹی کی ایک ایم پی اے بھی جاں بحق ہوئیں، ہم چاہتے ہیں کہ آزاد انصاف کا نظام ہو، ایسی پولیس ہو جو کہ سیاسی دباؤ سے دور ہو، اگر کوئی سکیورٹی کا مطالبہ کرے اور اسکو سکیورٹی نہ دی جائے تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اگر مقتول صحافی عزیز میمن کے ورثا چاہتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے تو کمیشن تشکیل دے دیا جائیگا، اگر وہ چاہتے ہیں کہ کسی قابل پولیس افسر سے تحقیقات کرائی جائیں تو ہم اسکے لیے بھی تیار ہیں۔ واضع رہے کہ صحافی عزیزمیمن کو سندھ میں قتل کردیا گیا تھا۔ انھوں نے اپنی موت سے قبل ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انکا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ کے حوالے سے انھوں نے ایک خبر دی تھی جسکے بعد انھیں دھمکیاں دی جا رہی تھی۔