وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کو نامساعد حالات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، فیاض الحسن چوہان

جمعرات 20 فروری 2020 23:48

لاہور۔20 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بارہا اپوزیشن جماعتوں سے دھوکہ کھانے کے بعد ایک بار پھر ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے ملنے جارہے ہیں ، گزشتہ چالیس سال بالعموم اور گزشتہ دس سال بالخصوص آل شریف اور پیپلز پارٹی نے پاکستان کو نقصان پہنچایا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے ایک نجی یونیورسٹی کی جانب سے منعقد ہ سالانہ سپورٹس گالا تقریب میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان جان چکا ہے کہ پاکستان سے آل شریف کی سیاست کا باب بند ہو چکا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول اگرچہ بچہ ہے، من کا کچا ہے لیکن انور مجید اور اپنے پاپا آصف زرداری کے ساتھ ملکر کام بڑے بڑے کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چینی بحران اور شوگر مافیا سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں 100 کے لگ بھگ شوگر ملز ہیں جن میں سے جہانگیر ترین کی تین، جبکہ آل شریف اور اے این پی کی 17 سے زائد اور آصف زرداری و اومنی گروپ کی 16 شوگرملیںہیں۔ ان حالات میں سب بہتر جانتے ہیں کہ شوگر مافیا کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سردار عثمان بزدار کی قیادت اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں موثر اقدامات کرتے ہوئے گندم کا بحران پیدا ہونے سے پہلے ہی ختم کر دیا۔

چینی اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دادو سندھ میں پیپلز پارٹی کے ایک رکن قومی اسمبلی کے گودام سے 65 ہزار گندم کی بوریاں برآمد ہوئیں جبکہ سندھ ہی میں ایک سرکاری گودام سے 95 ہزار سے میں سے 85 ہزار بوریاں چوری ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ہر قسم کے بحران سے باہر نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں آئندہ تین سال پاکستان تحریک انصاف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔