کورونا وائرس سے متاثرہ 2افراد ملتان کے ہسپتال میں داخل

دونوں مریضوں کے نمونے اسلام آباد بجھوادیئے گئے ہیں. ذرائع نشتر ہسپتال

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 28 فروری 2020 01:37

کورونا وائرس سے متاثرہ 2افراد ملتان کے ہسپتال میں داخل
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 فروری۔2020ء) لیہ سے تعلق رکھنے والے دو مریضوں کو کورونا وائرس کے شبہ میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے.ذرائع کے مطابق لیہ کے رہائشی 60 سالہ پٹھان ماہی اور 60 سالہ خدا بخش کو کرونا وائرس کے شبہ میں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے‘ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں مشتبہ مریضوں نے چند روز قبل ایران کا سفر کیا تھادونوں مریض بخار اور کھانسی میں مبتلا ہیں.ذرائع نے بتایا کہ دونوں مشتبہ مریضوں کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے جا رہے ہیں رپورٹس آنے کے بعد مریضوں میں وائرس ہونے یا نہ ہونے کی تصدیق ہوگی.

(جاری ہے)

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کا کیس سامنے آگیا تھا محکمہ صحت سندھ نے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے.محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے رہائشی 22 سالہ یحییٰ جعفری میں کورونا وائرس پائے جانے کی تصدیق کی تھی‘پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آگئے ہیں، جس کی حکومتی سطح پر تصدیق کی گئی ہے.. انہوں نے کہا تھا کہ مشتبہ شخص، جو کہ ایران سے 20 فروری کو بذریعہ جہاز ایران سے کراچی آیا تھا، کو فیملی کے دیگر ممبران کے ہمراہ کراچی کے آغاخان ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے مشتبہ شخص اور دیگر خاندان کے افراد کو آغاخان ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے.میران یوسف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے علاج کی سہولیات اور ادویات موجود ہیں‘ذرائع نے بتایا ہے کہ یحییٰ جعفری بغیر اسکریننگ کے کراچی ائیر پورٹ سے باہر آیا تھا مشتبہ شخص اور اس کے دیگر اہل خانہ کے افراد کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں.گزشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کی تھی‘اپنے ٹیوٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں اشخاص کا کلینیکل اسٹینڈرڈ پروٹوکول کے مطابق خیال رکھا جارہا ہے اور دونوں مریض مستحکم حالت میں ہیں گھبرانے کی ضرورت نہیں چیزیں قابو میں ہیں میں کل تفتان سے واپسی پر پریس کانفرنس کروں گا.