مسائل کے انبوہ کثیر کو لپیٹ کر عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہمارا مشن ہے ، صداقت علی عباسی

اتوار 1 مارچ 2020 20:20

۳راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2020ء) قومی اسمبلی کے رکن اور صدر پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ مسائل کے انبوہ کثیر کو لپیٹ کر عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہمارا مشن ہے ․ نئے بلدیاتی نظام کے تحت پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کوحقیقی معنوں میں اقتدار میں شریک کرکے انہیں اپنے مسائل اپنی ترجیحات کے مطابق حل کرنے کا اختیار دیا جارہا ہے ․ یہ بات ایڈوائزر برائے صدر پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب حاجی محمد گلزار اعوان نے صداقت علی عباسی کے پبلک ڈے پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کیلئے منعقدہ کھلی کچہری کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتائی ․ کھلی کچہری میں صداقت علی عباسی کے حلقہ انتخاب این اے 57 سے تعلق رکھنے والے معززین اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے اپنے علاقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل پیش کئے جن کے حل کیلئے صداقت علی عباسی نے موقع پر ہی متعلقہ ارباب اختیار کو احکامات جاری کئے ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے بتایا کہ تحصیل مری کو سیاحوں کیلئے زیادہ پر کشش بنانے کیلئے صداقت علی عباسی نے مقامی افراد کے اجتماعی و انفرادی کردار کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے موسم بہار کی شجر کاری مہم میں ہر شہری اپنے اہل خاندان کو ساتھ ملا کر ایک ایک پودا ضرور لگائے تاکہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کامیاب ہو سکے ․ انہوں نے کہا کہ مری شہر اور گرد و نواح کو صاف ستھرا بنانے کیلئے حکومتی مشینری جو اقدامات کر رہی ہے وہ عوامی تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتے اس لئے ہم سب کو مل کر ان اقدامات کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا چائیی․ صداقت علی عباسی نے کہا کہ تحصیل مری کی تمام یونین کونسلوں کیلئے ترقیاتی فنڈز مقامی نمائندہ افراد کی مشاورت سے تقسیم کئے جا رہے ہیں ․ سوئی گیس کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بھی کاوشیں ہو رہی ہیں ․انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کو خلوص نیت اور پوری توجہ کے ساتھ حل کرنے کے عملی اقدامات کر رہے ہیں ․ مہنگائی کو کنٹرول کرنے اورروزگار کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سے ان مسائل پر قابو پایا جا سکے گا ․ پبلک ڈے کے موقع پر منعقدہ کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے ذاتی مسائل بھی پیش کئے جن پر صداقت علی عباسی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے احکامات جاری کئے ۔