چین میں 7 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، 6 طلبہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں، پاکستان میں بھی وائرس سے متاثرہ چاروں مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، یہ جان لیوا مرض نہیں ہے، 98 فیصد لوگ مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتے ہیں، انفرادی ذمہ داریاں اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بیماری کے پھیلائو کو روکا جا سکتا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو

اتوار 1 مارچ 2020 22:50

اسلام آباد ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین میں 7 پاکستانی طلبہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 6 طلبہ مکمل طور پر صحت یاب ہو گئے ہیں جبکہ آخری مریض بھی صحت یاب ہو رہا ہے، پاکستان میں وائرس سے متاثرہ چاروں مریض تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ اگلے چند دنوں میں مکمل طور پر روبصحت ہو جائیں گے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہیں۔

اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اور عوام کے وسیع تر مفاد میں چینی حکومت کی ریگولیشنز پر عمل کیا جس سے پاکستان میں اس وائرس کے پھیلائو میں کمی ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے چین سے پاکستان آنے والے لوگوں کے بارے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے چینی حکومت سے قریبی رابطے میں ہیں، چین میں سکریننگ اور کلیئرنس کے باوجود پاکستان میں دوبارہ ان لوگوں کی سکریننگ کی جاتی ہے اور انہیں قرنطینہ سینٹر میں رکھا جاتا ہے اور مکمل کلیئرنس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ یہ جان لیوا مرض نہیں ہے، 98 فیصد لوگ اس بیماری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو جاتے ہیں اسلئے گھبرانے اور خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، عوام کو چاہیے کہ وہ انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریاں پوری کریں اور احتیاطبی تدابیر اختیار کریں اس سے بیماری کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی۔ معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ ایک حکمت عملی کے تحت ہم سارا کام کر رہے ہیں، ایئر پورٹس پر سکریننگ سسٹم کو بہتر بنایا گیا ہے، حکومت کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور امید ہے کہ پاکستان میں یہ وباء کی شکل اختیار نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر کسی کو ماسک پہننے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے، صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور نزلہ زکام سے متاثر لوگوں سے دور رہیں، نزلہ زکام والے لوگوں کو چاہیے کہ وہ خود بھی ہجوم میں جانے سے اجتناب کریں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ چین اور ایران سمیت دیگر متاثرہ ممالک سے آنے والے افراد کو چاہیے کہ نزلہ زکام، بخار، کھانسی یا سانس کے مسائل کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹرز سے رجوع کریں یا ہماری ہیلپ لائن 1166 پر معلومات شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر نیشنل ایکشن پلان بنایا ہے اور وائرس کی روک تھام کیلئے پر عزم ہیں۔