گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس برائے ایڈوانسز تھیو ریٹیکل اینڈ اپلائیڈ فزکس کا انعقاد

منگل 3 مارچ 2020 00:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2020ء) : گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد شعبہ فزکس کے زیر اہتمام طالبات کو جدید ٹیکنالوجیز اور ریسرچ سے آگاہی دینے کیلئے دوسری دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے ایڈوانسز تھیوریٹیکل اینڈ اپلائیڈ فزکس کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں پاکستان اور مختلف ممالک کی یونیورسٹیز سے محققین نے شرکت کی اور فزکس میں ہونے والی جدید تحقیق کے بارے طالبات کو آگاہی دی ۔

بین الاقوامی کانفرنس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرروبینہ فاروق نے بین الاقوامی کانفرنس منعقد کروانے پر شعبہ فزکس کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ انٹرنیشنل کانفرنس سے مختلف یونیورسٹیوں سے رابطے قائم ہوں گے اور مشترکہ تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کانفرنس میں یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا امریکہ سے ڈاکٹر ایم اے حسان، سعودیہ عرب سے ڈاکٹر خرم جوئیہ ، یو۔

کے سے ڈاکٹر مارسیلو راڈریگز، چین سے ڈاکٹر بائو کئی اور ڈاکٹر مظہر حسین دانش،ایگری کلچر یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر شازیہ، پنجاب یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر منزہ ذوالفقار ، ڈاکٹر عبرین اشعر نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے۔ اس موقع پر کواڈینیٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر غزالہ سہیل، انچارج شعبہ فزکس ڈاکٹر اسماء خورشید اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

انچارج شعبہ فزکس مس اسماء خورشید کہنا تھا کہ نینو ٹیکنالوجی سمیت فزکس کی مختلف برانچز کی اہمیت اور ورکنگ سے متعلق طالبات کو مفید معلومات میسر آرہی ہیں جس سے مستقبل میں انہیں تحقیق کرنے میں نئے موضوعات بھی ملیں گے۔ کانفرنس میں یونیورسٹی کی طالبات ، فیکلٹی ممبران اور اساتذہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس میں معزز غیر ملکی سائنسدانوں اور پروفیسرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جن کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے مایہ ناز پروفیسرز اور سائنسدان بھی کانفرنس میں رونق افروز ہوئے ۔

مقررین نے کانفرنس سے خطاب کے دوران گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں مذکورہ کانفرنس کے انعقاد کی تعریف کی اور متعلقہ امور پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ اپنے تحقیقی مقالے بھی پیش کئے۔