لاہور وویمن کالج یونیورسٹی طالبات کاسوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سوشل و یلفیئر سیکٹر پر خصوصی توجہ دی ہے، وفد کو بریفنگ

منگل 3 مارچ 2020 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2020ء) محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں لاہور وویمن کالج یونیورسٹی کی انٹرن شپ کیلئے آئی طالبات نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کا مطالعاتی دورہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الوحید شاہ نے طالبات کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا عوام کو بنیادی سہولیا ت کی فراہمی کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے تیز تر اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے،محکمہ سماجی بہبود نے خواتین کو کار آمد شہری بنانے کیلئے مختلف پراجیکٹس کا آغاز کر دیا ہے تاکہ وہ مستقبل کی کار آمد شہری بن کر اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں، اس سلسلے میں محکمہ سماجی بہبود کے تربیتی مراکز خواتین کو ہنر مند بنا کر اپنی خدمات میں پیش پیش ہیں،حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سوشل یرسیکٹر پر خصوصی توجہ دی ہے جس کیلئے بجٹ میں 125 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، لاہور میں بنائی جانے والی پانچ پناہ گاہوں کی مقبولیت اور افادیت کو دیکھتے ہوئے مزیدپناہ گاہوں کے قیام کو وسعت دی جا رہی ہے جبکہ پنجاب احساس پراگرام کے تحت پورے صو بے میں پناہ گاہوں کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بجٹ میں احساس پروگرام کے تحت معاشرے کے محروم اور توجہ طلب طبقوں کیلئے جو پروگرامز تجویز کیے گئے ہیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ3 ارب روپے کی لاگت سے احساس پروگرام کے تحت باہمت بزرگ پروگرام جبکہ معذور افراد اور ان کے خاندانوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے 30 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے ہم قدم پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بیواؤں اور یتیموں کی کفالت کیلئے سر پرست پروگرام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کیلئے 2ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، موجودہ بجٹ میں معاشرے کے محروم طبقے خواجہ سراوں کی فلاح و بہبود کے لئے ''مساوات'' پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ احساس پروگرام کے تحت متعارف کروائے جانیوالے پروگرامز پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔