یو ای ٹی لاہور میں سالانہ جاب فیئر 2020کا انعقاد

v100سے زائدکمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے اور طلباء کے انٹرویولئے

جمعرات 5 مارچ 2020 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2020ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میںسالانہ جاب فیئر کا انعقاد۔میلے میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہورپروفیسرڈاکٹرسید منصورسرورنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی ایسا ادارہ ہے جہاں طلباء کو خود روزگار ی کے علاوہ جدید ٹیکنیکل تربیت کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیںجن سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوانوں کوچھوٹے پیمانے پر کاروبار کا آغاز کرنے میں مدد ملے گی تاکہ وہ اپنے اور اپنے خاندان کیلئے ذریعہ معاش حاصل کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا یو ای ٹی کا خواب ہے اور ادارہ ایسے انجینئرز پیدا کرتاہے جو ملک میں صنعتکاری کے فروغ میں اہم کردار اداکریںگے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء صنعتی میلے کے کوآرڈینیٹرپروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصرنے میلے کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ اس جاب فیئرکا مقصدتعلیمی اور صنعتی شعبوں کو ایک چھت تلے جمع کر کے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس صنعتی میلے سے فارغ التحصیل طلبہ کو انکی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ۔افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر سمیت بزنس کمیونٹی اور تدریسی و انتظامی سٹاف نے شرکت کی۔واضح رہے کہ میلے میں100سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیااور130سٹالز بھی لگائے ۔میلے میں صنعتوں کی مطالبے پر طلباء کیلئے خصوصی ٹیسٹ اور انٹرویو کا بھی بندوبست کیا گیا۔

جس کے تحت انڈسٹریوں نے موقع پر بھرتی کیلئے طلباء کے انٹرویو اور تحریری ٹیسٹ بھی لئے۔یو ای ٹی کے طلباء میلے سے منسلک تربیتی پروگراموں سے حاصل انٹرویوز کی مہارتوں کے ساتھ مختلف کمپنیوں کی بھرتی ٹیموں کے سامنے پیش ہوئے۔ڈاکٹر شمائلہ شہزادی اور دیگرکی زیر نگرانی انڈسٹریوں کو اس سہولت سے مستفید کرنے کیلئے انتظامات کئے گئے ۔افتتاحی تقریب میں کمپنیوں کے نمائندوں، ڈینز، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر منصور سرورنے میلے کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر آصف علی قیصر اور انکی ٹیم کو سراہا۔صنعتی میلے کے اختتام پرخصوصی عشایئے کا انتظام کیا گیا ۔آخر میں شرکاء، کمپنیوں کے نمائندوںاور منتظمین کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔