عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب کو لکی مروت یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کردیا گیا

ہفتہ 7 مارچ 2020 19:49

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے شعبہ فزکس اور ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ نیومیریکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب کو لکی مروت یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کردیا گیا ۔خیبر پختونخواکے گورنرنے ان کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا پروفیسرڈاکٹر اورنگزیب زیب کو تین سال کے لیے لکی مروت یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے 1995 میں پشاور یونیورسٹی سے ماسٹر کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ کی اوھائیو یونیورسٹی منتخب کی اور وہاں سے پی ایچ ڈی کے بعد 2007 تک پوسٹ ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کی۔ وطن واپسی پرانہوں نے پشاور یونیورسٹی جوائن کی لیکن 2008 میں امریکہ واپس چلے گئے۔

(جاری ہے)

پروفیسرڈاکٹر اورنگزیب کا شمار نینو ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایشیا کے صف اول کے سائنٹسٹ میں ہوتا ہے ۔

امریکہ سے ڈبل پوسٹ ڈاکٹریٹ کرنے کے بعد انہوں نے اوہائیو سٹیٹ سے پرسٹیجیس اسسٹنٹ شپ بھی کی۔پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب کا تعلق چارسدہ سے ہے انہوں نے بیسیوں تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں یہی نہیں بلکہ ان کی زیر نگرانی بڑی تعداد میں پی ایچ ڈی سکالر فارغ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے لکی مروت یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔یونیورسٹی کے رجسٹرار انعام اللہ خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب کے چارج سنبھالنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔