یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد

پیر 9 مارچ 2020 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مارچ2020ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میںڈاکٹر سیما خالد پرنسپل انجنیئرنگ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور امبرین ضیا چیف پروجیکٹ اینڈ پلاننگ آفیسر پاکستان ریلوے نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرڈاکٹر سیما خالد نے طلبہ و طالبات سے کرتے ہوئے کہاکہ ہم خواتین کو مکمل با اختیار کرنے پر یقین رکھتی ہیں جس کیلیے سنجیدہ اور مثبت اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ خواتین معاشرے کا سب سے زیادہ اہمیت کا حامل طبقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا خواتین پاکستان کی آبادی کا بہت بڑا حصہ ہیں جو مختلف اداروں میں اپنے فرائض با احسن طور سرانجام دے رہی ہیں اس لیئے وقت کی اشد ضرورت ہے کہ انکی خدمات کو ہر سطح پر مانا جائے تاکہ معاشرے کا وجود مزید مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ خواتین کی بھی حوصلہ افزائی بھی ہو سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امبرین ضیا نے کہا کہ موجودہ حکومت کیطرف سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلیے قانون سازی کرنا نہایت خوش آئند کارنامہ ہے جس سے یقینی طور پر خواتین کو اپنی اصل شناخت ملنے کے علاوہ فیصلہ سازی میں مدد بھی ملے گی۔

تقریب میں شرکاء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر ریحانہ کوثر ایڈوائزر زمل سوسائٹی یو ای ٹی لاہور نے کہاکہ خواتین کے فعال کردار کے بغیر کوئی بھی قوم اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتی لہذا اس سلسلے میںتمام فرسودہ اور امتیازی سلوک پر مبنی سوچ و اقدام کو ترک کر کے طرزفکرو عمل میں جدت لائی جانی چاہیے۔وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور نے خواتین اساتذہ، اور طالبات کے وفد کے ساتھ ملاقات میں اپنے خیا لات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی لاہور میں مختلف کمیٹیوں میں خواتین اساتذہ کی مناسب شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی جدوجہد، ہمت اور محنت کو تسلیم کرتے ہوئے ملکی معاشرتی و معاشی ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جانا چاہیے اس مقصد کیلیے نئے نئے پروگرام متعارف کروائے جائیں تا کہ معاشرے میں نمایاں تبدیلی نظر آسکے۔آخر میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے واک کا اہتمام کیاگیا جس میںاساتذہ، طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا اور مہمانِ گرامی میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئی۔