مقبوضہ کشمیر میں دوشہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

اسلام و آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے

پیر 9 مارچ 2020 23:48

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2020ء) مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیان کے خواجہ پورہ ریبن امام صاحب علاقے میں فورسز نے دو مقامی نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ ایک رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا۔شام کو مکمل ہڑتال کے باوجود ایک کے بعد ایک نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد دومقامی شہید نوجوانوں شبیر احمد ملک اور عامر احمد ڈار کو ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں آبائی علاقوں میں اسلام و آزادی کے حق میں فلک شگاف نعروں کے درمیان آبائی علاقوںمیں سپرد خاک کیا گیا جبکہ تجہیز و تکفین میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شوپیان کے خواجہ پورہ ریبن امام صاحب علاقے میں فوج و فورسز ، سی آر پی ایف اور ایس او جی شوپیاں نے سوموار کی صبح علاقے کومحاصرے میں لیا۔

(جاری ہے)

فورسز نے رہائشی مکان پر مارٹر گولے داغے جس کے نتیجے میں مکان زمین بوس ہو گیا۔فوج نے مکان کے ملبے سے 2مقامی نوجوان شبیر احمد ملک ساکنہ ٹنگڈو کولگام اور عامر احمد ڈار ساکنہ ونڈونہ ملہورہ شوپیان کی نعشیں برآمد کیں۔

پولیس نے الزام لگایا کہ ان دونوں کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ دونوں نوجوان پولیس وفورسز پر حملوں ، عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں پیش پیش تھے۔عوام الناس سے اپیل کی گئی کہ وہ اس جگہ جانے سے گریز کریں۔ دو مقامی نوجوانوں کے شہید ہونے کی خبر پھیلتے ہی شوپیان اور کولگام کے بیشتر علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز ہوگئے اور پبلک و نجی ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوگئی۔