پنجاب یونیورسٹی میں ’زیر آسمان ‘ کی تقریب رونمائی

منگل 10 مارچ 2020 23:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2020ء) پنجاب یونیورسٹی میں سابق وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور نامور ماہر تعلیم ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب’ زیر آسمان‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد الرازی ہال میں کیا گیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجا ب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی، سید ارشاد عارف، سجاد میر، ڈاکٹر صغریٰ صدف، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم مظہر، شاہ زیب خان، ڈاکٹر امان اللہ سمیت طلبائوطالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ کتاب کے مضامین میں مختلف علوم کا احاطہ کیا گیا ہے اور یہ کتاب مطالعہ کا شوق پیدا کرتی ہے۔ مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ مصنف نے بہترین اردو اسلوب سے قارئین کو متوجہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں مقامی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ سجاد میر نے کہاکہ ڈاکٹر شاہد صدیقی کے کالم کے مضوعات اچھوتے ہیں اور انھوں نے بہت مختصر عرصے میں اردو ادب میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی کی کتاب زیر آسمان سنگ میل پبلشرز نے شائع کی ہے۔