کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ18 ہزار سے تجاوز کر گئی

اٹلی میں24گھنٹوں کے دوران168ہلاکتیں‘برطانوی وزیربھی وائرس کا شکار ہوگئیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 11 مارچ 2020 09:47

کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ18 ہزار سے تجاوز کر گئی
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 مارچ۔2020ء) کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ18 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 4200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں چین کے بعد اٹلی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں 631 افراد اس وائرس کا شکار ہو چکے ہیں. ایران میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 54 افراد کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں جبکہ پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ 18 مریض سامنے آئے ہیں جن میں ایک بارہ سالہ لڑکا بھی ہے جو اپنے خاندان کے ہمراہ ایران، عراق کا دورہ کر کے واپس لوٹا ہے.

اٹلی میں ایک روز کے دوران ہلاکتوں میں 36 فیصد اضافہ دیکھا گیا جہاں مرنے والوں کی تعداد 631 ہو گئی ہے.برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اطالوی سول پروٹیکشن ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اٹلی میں کرونا وائرس کے پھیلنے سے ہلاکتوں کی تعداد 168 سے بڑھ کر 631 ہوگئی ہے جو ہلاکتوں میں 36 فیصد اضافہ ہے ایجنسی کے مطابق اس مہلک وائرس کے پھیلنے کے بعد سے یہ ہلاکتوں کی تعداد میں سب سے بڑا اضافہ ہے.یورپ میں کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ملک اٹلی میں کل کیسز کی تعداد 10.7 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ہزار 149 ہو گئی گذشتہ اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد 9 ہزار 172 تھی‘اطالوی ایجنسی کے سربراہ نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے ا ایک ہزار چار افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ گذشتہ روز 877 افراد کو انتہائی نگہداشت میں بھیجا گیا ہے.برطانیہ میں بھی کرونا وائرس نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جہاں کنزرویٹیو پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اور جونیئر وزیر صحت نادین ڈوریس میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے 62 سالہ برطانوی وزیر وہ پہلی برطانوی سیاست دان ہیں جن کو اس مہلک وائرس کا مرض لاحق ہوا ہے.

نادین ڈوریس نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کرسکتی ہوں کہ میرا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جیسے ہی مجھے اس بارے میں بتایا گیا میں نے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر لیں ہیں اور خود کو گھر میں (آئسولیشن) الگ تھلگ کر لیا ہے.سپین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1650 ہو گئی گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں سپین میں کورونا وائرس کے 419 نئے کیسز سامنے آئے ہیںاور24گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ پانچ افراد وفات پا گئے ہیں .ادھرامریکی صدر ٹرمپ کے کورونا وائرس سے متاثرہ قانون سازوں سے ملاقاتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں امریکی قانون ساز ڈگ کولنز فروری کے آخر میں کرونا وائرس کا شکار بنے اور صدر ٹرمپ سے ان کی ملاقات 6 مارچ کو ہوئی‘دوسرے قانون ساز میٹ گیٹز بھی فروری کے آخر میں وائرس سے متاثرہوئے اور 9 مارچ کو صدر ٹرمپ کے ساتھ گاڑی میں سفر کیا.

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں اپنا طبی معائنہ کروانے کی ضرورت نہیں وہ مکمل طور صحت مند اور چاک وچوبند ہیں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ معمول کے مطابق وہ اپنا طبی معائنہ کرواتے رہتے ہیں . کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشات کی وجہ سے امریکا سیکرٹری دفاع مارک ایسپر نے پاکستان، بھارت اور خطے کے دیگر ممالک کا اہم ترین دورہ منسوخ کردیا ہے‘ مارک ایسپر نے 16 مارچ سے 20 مارچ تک خطے کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں افغان امن عمل کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کی جانی تھی ان کی 19 مارچ کو اسلام آباد آمد متوقع تھی جہاں انہوں نے رات قیام بھی کرنا تھا.ان کے دورے کے دوران دیگر مقامات میں ازبکستان اور ممکنہ طور پر کابل بھی شامل ہے تاہم افغان دارالحکومت کے دورے کے بارے میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اعلان نہیں کیا گیا تھا.کورونا وائرس کی وجہ سے واشنگٹن کو اپنے تمام غیر ملکی دوروں پر نظر ثانی کرنی پڑ گئی ہے تاکہ ان کے حکام وائرس سے متاثر نہ ہوں مارک ایسپر کا معطل ہونے والے دورے کا براہ راست تعلق امن معاہدے سے تھا جسے حتمی شکل دینے میں پاکستان نے مدد کی تھی اور واشنگٹن چاہتا ہے کہ اسلام آباد اس کے نفاذ میں بھی مدد کرے.جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کی سوکجی مچھلی منڈی اور ریسٹورنٹس جو یہاں کی معروف ڈش سوشی کھانے والے سیاحوں سے بھرے رہتے تھے خالی پڑے ہیں کک ہروشی اوٹا جن کی عمر 61 سال ہے کہتے ہیں کہ عام دنوں میں ان کے گاہکوں میں سے تقریباً تین چوتھائی چینی سیاح ہوتے ہیں لیکن جاپان کے نئے اقدامات جن کے تحت چینی اور جنوبی کوریائی باشندوں کو دو ہفتوں کے لیے خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے کے لیے کہا گیا ہے، کے بعد سے ریسٹورنٹ میں آنے والے افراد میں کمی آئی ہے.برطانیہ کی سرکاری فضائی کمپنی برٹش ایئرویز نے اٹلی سے اور اٹلی کے لیے اپنی تمام پروازیں چار اپریل تک منسوخ کرنے کے بعد اپنے تمام سٹاف کو ای میل کی ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر بغیر تنخواہ کے چھٹی لے لیںدیگر ایئرلائنز نے بھی ایسے ہی اقدامات اٹھائے ہیں.نشریاتی ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مختلف شعبوں کی جانب سے اپنے سٹاف کو مختلف دورانیوں کی بغیر تنخواہ چھٹیوں کی پیشکش کی جا رہی ہے جس میں ایک ماہ سے لے کر ایک سال کا کریئر بریک تک شامل ہے.دوسری جانب کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے پادریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی عیادت کریں ویٹی کن میں دورے پر آئے ہوئے مسیحی پادریوں سے ملاقات کے بعد دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پادریوں پر زور دیا کہ وہ ہمت کریں اور بیماروں کی عیادت کریںاور طبی سٹاف اور رضاکار ان کے کام میں ساتھ دیں‘بظاہر یہ اطالوی حکومت کی سرکاری ہدایت سے متضاد ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لوگ بیماروں کے قریب نہ جائیں اور سفر نہ کرنے کی کوشش کریں اس کے علاوہ ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ سینٹ پیٹرز سکوائر اور سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کو تین اپریل تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے کورونا وائرس کے 841 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جس سے ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد مارچ کی 10 تاریخ تک 8002 ہوچکی ہے ایرانی محکمہ صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ اموات کی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں میں 54 رہی جس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 291 ہوگئی ہے انہوں نے کہا کہ 2731 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جن کی تعداد کل تک 2394 تھی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کل کے اعداد و شمار 7161 کیسز اور 237 اموات تھیں.