علماء کرام معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں،جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء

علماء کرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگ مل کر ہی ایک بہتر معاشرے کی تشکیل دے سکتے ہیں،چیف جسٹس /چیئرمین اسلام نظریاتی کونسل آزادجموں وکشمیر

بدھ 11 مارچ 2020 20:32

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2020ء) چیف جسٹس /چیئرمین اسلام نظریاتی کونسل آزادجموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ ایک اسلامی معاشرے کے اندر علماء و مشائخ کرام کاو جود اللہ تعالی ٰ کی رحمت ہوتا ہے اور علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کی فلاح ونجات صرف اور صرف قرآن و سنت کی پیروی میں ہی ہے۔

اس کے لیے علماء کرام اور ہم سب نے مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ انشاء اللہ آئندہ بھی سب کے تعاون سے اپنی کاوشیں جاری رکھوں گا۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کے اعزاز میں آزادجموں وکشمیر علماء مشائخ کونسل اور ملی رابطہ کونسل کی جانب سے دی گئی الوادعی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

الوادعی تقریب سے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے بھی خطاب کیا جبکہ جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل بھی موجود تھے۔ الوداعی تقریب سے چیئرمین علماء مشائخ کونسل آزادجموں وکشمیر مولانا عبید اللہ فاروقی ، مولانا فضل ربی، ممبر علماء مشائخ کونسل، مولانا حسین احمد توحیدی ممبر علماء مشائخ کونسل ،مولانا زاہد اشرفی ممبر علماء مشائخ کونسل، غلام فرید عباس نقوی ممبر علماء مشائخ کونسل ،مولانا سید اسحاق نقوی ، مولانا امتیاز صدیقی ، مولانا اشفاق ربانی، مولانا عتیق الرحمن ،اور مولانا محمود الحسن اشرف اور دیگر علماء کرام نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ علماء کرام اور تمام مکاتب فکر کے لوگ مل کر ہی ایک بہتر معاشرے کی تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ ہمیں سیرت نبوی اور احکام پر عمل کرنے کی تو فیق عطا ء فرمائے ۔ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ ریاست پاکستان کی بنیاد یں قرآن وسنت کے قانون پر قائم ہے ۔

قرآن و سنت کی رہنمائی میں ہی ہم نے کام کرنا ہے اور اسلامی قوانین کی بالا دستی کے لیے ہم اپنے فرائض اد ا کرتے ہیں۔ انہون نے کہا کہ کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے منافی نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سب کی مشاور ت سے عدلیہ اور اسلامی نظریاتی کونسل میں کئی اصلاحات کو اپنے سامنے رکھتے ہوئے کام کریں گے۔ الواداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علماء مشائخ کونسل مولانا عبیداللہ فاروقی نے کہا کہ چیف جسٹس آزادکشمیر چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کی عدلیہ ، اسلامی نظریاتی کونسل میں دی گئی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے عدالتی فرائض کے ساتھ ساتھ دینی و مذہب ی خدمات پربھی انہیںسلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی راہنمائی میں آئندہ بھی کام کرتے رہیں گے۔ چیئرمین علماء مشائخ کونسل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے حکومت پاکستان سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔ آخر میںچیف جسٹس جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کو چیئرمین علماء مشائخ کونسل مولانا عبید اللہ فاروقی نے شیلڈ بھی پیش کی۔