Live Updates

پنجا ب یونیورسٹی کے شعبہ جینڈر سٹڈیز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد

بدھ 11 مارچ 2020 23:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مارچ2020ء) پنجا ب یونیورسٹی کے شعبہ جینڈر سٹڈیز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ انسانی حقوق اور کرسچن کیئر فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے بطور مہمان خصوصی جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال، ریجنل ڈائریکٹر برائے انسانی حقوق پنجاب لبنیٰ منصور،چیئر پرسن شعبہ جینڈر اسٹڈیز ڈاکٹر راعنا ملک،چیئرمین کرسچن فائونڈیشن تنویر یعقوب، فلاحی اداروں کے نمائندگان،فیکلٹی ممبران اور طلبا ئو طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہاکہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاہم پاکستان میں خواتین کے حقوق پر بات کرنا نیک شگون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مردہ انسانی جسموں کو دیکھنے سے زیادہ تیزاب گردی کا شکار خواتین کو دیکھنا اذیت ناک ہے جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ بندوق کے لائسنس کے حصول کے لئے کئی پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا ہے مگر تیزاب چند روپوں کے عوض بازار سے با آسانی دستیاب ہوجاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا جبکہ پنجاب حکومت خواتین کی کم عمری کی شادی کے ساتھ دیگر حقو ق کے تحفظ کیلئے پنجاب اسمبلی میں موثر قانون سازی کر رہی ہے۔پنجاب حکومت نے صنفی امتیا ز کے خاتمے،خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خواتین کی سماجی و معاشی خود مختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیئے ہیں تاہم پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے مرد اور خواتین کو ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے ملکر کام کرناہو گا۔

ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال نے کہاکہ خواتین کاعالمی دن ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم سب ملکر ہر شعبہ میں موجود خواتین کو درپیش مسائل کا ادراک کر سکیں اور خواتین کو بھی معاشرے کا اہم حصہ مانتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک کھلی حقیقت ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں خواتین کی ہر سطح پر نمائندگی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خواتین کی سماجی و معاشی خود مختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیئے گئے ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر انسانی حقوق لبنیٰ منصور نے کہاکہ ہم سب کوملکر اپنی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے خواتین پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار نبھانے کی اشد ضرورت ہے تاہم دختران پاکستان ویژن 2020-21کو دیکھ کر عمران خان کیجانب سے خواتین کیلئے کیئے جانیوالے اقدامات کو بخوبی محسوس کیا جا سکتا ہے جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں ملازمت پیشہ مائوں کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹر ز کا قیام،ہر قسم کے مسئلے کے حل کیلئے خواتین کی رہنمائی کیلئے پنجاب وومن ہیلپ لائن1043کی سہولت،خواتین کی آگاہی کیلئے ڈیجیٹل آن لائن میگزین جبکہ حقوق خواتین کے بارے میں متعدد آگاہی مہمات چلائی جا چکی ہیں۔

چیئر پرسن شعبہ جینڈر اسٹڈیز ڈاکٹر راعنا ملک نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حقوق نسواں کیلئے شعبی جینڈر سٹڈیز میں تحقیقی بنیادوں پر کام شروع کیا جا چکا ہے جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں خواتین مکمل آزادی سے اپنے فرائج سر انجام دے رہی ہیں ۔ سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت کے دور حکومت میں خواتین کے حوالے سے کیئے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیاربناکرہی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات