سعودی حکومت کا وزٹ ویزہ ہولڈرز کیلئے بڑا اعلان، وزٹ ویزوں میں توسیع کا فیصلہ

ویزہ ہولڈرز کیلئے ویزوں میں توسیع آن لائن کی جائےگی، ویزوں میں توسیع سے متعلق سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے احکامات جاری کر دیے۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 15 مارچ 2020 23:30

سعودی حکومت کا وزٹ ویزہ ہولڈرز کیلئے بڑا اعلان، وزٹ ویزوں میں توسیع ..
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مارچ 2020ء) سعودی حکومت نے وزٹ ویزوں میں توسیع کا فیصلہ کر لیا، ویزہ ہولڈرز کیلئے ویزوں میں توسیع آن لائن کی جائےگی، ویزوں میں توسیع سے متعلق سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے احکامات جاری کر دیے۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے احکامات کے تحت وزٹ ویزہ ہولڈرز کے ویزوں میں توسیع آن لائن کی جائے گی۔

سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے ویزوں میں توسیع سے متعلق احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اگر کسی ویزہ ہولڈر کو ویزے میں توسیع کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے تو وہ براہ راست محکمہ پاسپورٹ سے بھی ویزے میں توسیع کرا سکتا ہے۔ وزٹ ویزوں میں آن لائن سہولت مہیا کرنے کیلئے نیشنل انفارمیشن سینٹر سے رابطہ کیا جا رہا ہےتاکہ ویزوں میں توسیع کی گنجائش کیلئے آسانی پیدا ہوجائے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گزشتہ سال نومبر2019ء میں اعلان کیا تھا کہ وزٹ ویزوں پر آنے والوں کو اپنے ممالک کے ڈرائیونگ لائسنس پر گاڑی چلانے کی بھی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتہائی مئوثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ سعودی عرب نے کرونا وائرس کے 17 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں سعودی وزارتِ صحت نے کہا کہ مملکت میں اب تک اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 103 ہوگئی ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب نے مہلک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوششوں کے ضمن میں اتوار 15 مارچ سے تمام بین الاقوامی پروازیں دو ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کردیا ۔ سعودی وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق مملکت نے مسافروں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو دو ہفتے تک معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،البتہ غیر معمولی کیس اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

سعودی عرب نے پروازوں کی معطلی سے مملکت میں لوٹنے میں ناکام رہنے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ مملکت میں واپسی پر طبّی تنہائی میں رکھے گئے افراد پر بھی اس فیصلے کا اطلاق ہوگا۔ دوسری جانب سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے 18مارچ تک پروازوں کی خصوصی اجازت دیدی، سعودی عرب نے دنیا بھر کیلئے پروازیں اتوار کے روز سے دو ہفتے کیلئے معطل کر دی ہیں۔

سعودی ایوی ایشن نے پی آئی اے کو جدہ اور مدینہ کیلئے 18مارچ تک خصوصی اجازت دی ہے جس کے بعد پاکستان سے خالی جہاز جدہ اور مدینہ لینڈ کر سکیں گے، عمرہ زائرین کو واپس لایا جائے گا ، زائرین کی واپسی کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔ سعودی حکومت نے کمرشل پروازیں دو ہفتوں کے لیے منسوخ کر دی ہیں، بیرون ملک سے کوئی پرواز سعودی عرب نہیں آئے گی، سعودی سول ایوی ایشن نے باقاعدہ ناٹم بھی جاری کردیا، پی آئی اے کو بھی پروازوں کی بندش سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔