جگر کی بیماریوں میں سب سے اہم کینسر اور ہیپاٹائٹس ہے، ہیپاٹائٹس سے بچائو کیلئے آلودہ پانی کے استعمال سے اجتناب کیاجائے، انچارج لیور سنٹر کی ہدایت

پیر 16 مارچ 2020 14:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) ہیپاٹائٹس سی جگر کی خطرناک بیماری ہے لہٰذا دیگر وجوہات کے ساتھ ساتھ آلودہ پانی استعمال کرنے والے افراد بھی اس بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں، اس لئے عوام الناس کو چاہیے کہ وہ صاف ستھرے پانی کا استعمال یقینی بنائیں اور ہیپاٹائٹس سے بچائو کی لئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے بھی لگوائیں جو سرکاری ہسپتالوں میں مفت دستیاب ہیں۔

لیور سنٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد کے انچارج ڈاکٹر زاہد یاسین ہاشمی نے اے پی پی کو بتایا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ تمام شہری ہر 6ماہ بعد اپنا چیک اپ بھی کرواتے رہاکریں تاکہ کسی بھی بیماری کی صورت میں بروقت نشاندہی ہو سکے۔ انہوںنے کہا کہ انسانی جسم میں جگر کا شمار اعضائے رئیسہ میں ہوتا ہے کیونکہ جگر نہ صرف خون بناتا ہے بلکہ اسے صاف بھی رکھتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ جگر کی بیماریوںمیں سب سے اہم کینسر اور ہیپاٹائٹس ہے جبکہ ہیپاٹائٹس میں اے، بی، سی، ڈی، ای اور ایف کی اب تک تشخیص ہو چکی ہے جن میں ہیپاٹائٹس سی سب سے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹ درد ، ہلکا بخار ، بھوک کا نہ لگنا ، تھکاوٹ ، قے آنا اور سانس پھولنا ہیپاٹائٹس کی علامات ہو سکتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ استعمال شدہ سرنج کا دوبارہ استعمال ، انتقال خون ، غیر محفوظ جنسی تعلقات ،ایک ہی بلیڈ سے کئی افراد کی شیو کرنے اور لوہے کی سوئی سے کان چھد وانے کی وجہ سے ہیپاٹائٹس ایک شخص سے دوسرے کو منتقل ہو سکتا ہے تاہم ہیپاٹائٹس سی آلودہ پانی پینے سے بھی ہو سکتا ہے اس لئے عوام احتیاطی تدابیر پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :