ہزارہ صوبہ کے محرک بابا حیدر زمان تھے، انہی کے نظریات کے مطابق نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے، عبدالصبور قریشی

پیر 16 مارچ 2020 23:52

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے رہنما معروف سیاسی و سماجی شخصیت عبدالصبور قریشی آف نڑتوپہ نے کہا ہے کہ ہزارہ صوبہ کے محرک بابا حیدر زمان تھے، انہی کے نظریات اور منشور کے مطابق نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے، بابا حیدر زمان نے نہ صرف صوبہ ہزارہ کیلئے آواز اٹھائی بلکہ ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کیلئے شروع ہونے والی عوامی تحاریک کو تقویت دی ہے۔

سوموار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ صوبہ ہزارہ کے نام پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں وہ ہزارہ کو سیاسی نعرہ بنانے کی بجائے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں عمل میں لائی جائیں، صوبہ ہزارہ آئینی اور انتظامی بنیادوں پر بنے گا اس لئے ہزارہ کے ممبران اسمبلی اپنے اپنے فورم پر آئینی طریقہ سے اس کیلئے جدوجہد کریں۔

(جاری ہے)

عبدالصبور قریشی نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو ضرور صوبہ بننا چاہئے لیکن ہزارہ کو نظرانداز کر کے جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام ہزارہ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہو گی کیونکہ ہزارہ صوبہ کیلئے شہداء نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں، ہزارہ تاریخی حیثیت سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اب جب نئے صوبوں کی آواز ایک بار پھر اٹھی ہے تو ہزارہ کے عوام کی خواہشات کو مدنظررکھتے ہوئے اسے علیحدہ یونٹ بنانے کیلئے عملی طور پر کام کیا جائے۔