کشمیری تارکین وطن کا مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بحالی کیلئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام خط

جمعہ 20 مارچ 2020 22:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2020ء) کشمیری تارکین وطن نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ Dr Tedros Adhanom Ghebreyesusکے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں ان پر زوردیا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظرمقبوضہ کشمیر میں فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خط پر بیرون ممالک مقیم 162 کشمیری اورغیرکشمیری سکالروں،شعبہ صحت سے وابستہ افراد اور ماہرین تعلیم نے دستخط کیے ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ وادی میں فورجی انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کیلئے بھارتی حکومت پر دبائو ڈالیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ کشمیر میں کورونا وائرس کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں لیکن بھارتی حکومت نے کشمیریوںکو مجرمانہ طور پر تیز رفتار انٹرنیٹ سروس سے محروم رکھا ہوا ہے جسکی وجہ سے اسی لاکھ سے زائد کشمیری اس موزی مرض کے بارے میں انٹرنیٹ کے ذریعے معلومات حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ خط میں مزید لکھا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں شعبہ صحت کا ڈھانچہ انتہائی ناقص ہے جسکی وجہ علاقے میں دہائیوں سے جاری بھارتی فوجی تعیناتی ہے۔ یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس پانچ اگست سے انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔