کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا مذاق اُڑانے والا سعودی گرفتار

ملزم نے حفاظتی تدابیر کو بکواس قرار دیتے ہوئے اپنا ماسک اُتار ڈالا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 مارچ 2020 17:51

کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کا مذاق اُڑانے والا سعودی گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2020ء) دُنیا بھر میں کورونا کے باعث انسانیت خوف زدہ ہے، سسک رہی ہے اور دم توڑ رہی ہے، ہر شہر، ہر ملک میں اس وقت کورونا کا ہی راج ہے۔ جس کے باعث لوگ اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں۔ ہر مذہب اور مسلک کے لوگ اس وقت اپنے رب کے آگے سربسجود ہیں کہ کسی طرح دُنیا سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ہو جائے اور زندگی کی چہل پہل پہلے کی طرح بحال ہو جائے۔

تاہم ایسے بے حِس اور غیر سنجیدہ لوگوں کی بھی کمی نہیں، جو کورونا کے موت کے ناچ کے دوران بھی اپنی موج مستیوں میں مصروف ہیں۔ سعودی عرب میں ایک ایسے ہی شخص کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اُردو نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مقامی شہری کو طبی عملے کا مذاق اُڑانے اور کورونا سے کی جانے والی حفاظتی تدابیر کو بے فائدہ قرار دینے والے سعودی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم کی گرفتاری سوشل میڈیا پر اس کی قابلِ اعتراض ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی گئی۔ ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ ’ وڈیو بنانے والے سعودی شہری کو تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ مقامی شہری نے سکیورٹی اہلکاروں اور طبی عملے کی کاوشوں کی توہین کی تھی اور ان کی محنت پر انگلی اٹھائی تھی۔‘ترجمان نے بتایا کہ مقامی شہری نے وڈیو میں مضحکہ خیز انداز میں طبی عملے کی کاوشوں کا تذکرہ کیا۔

مقامی شہری اب پولیس تحویل میں ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ملزم نے ویڈیو کے دوران اپنا حفاظتی ماسک اتار کر پھینک دیا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جو حفاظتی تدابیر کی جارہی ہیں وہ بکواس ہیں ان کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔دریں اثنا مقامی شہری نے ایک اور وڈیو جاری کرکے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کیا۔ اس نے طبی عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ ہمارے سر کا تاج ہیں۔ ہم سب آپ کی مہربانیوں کے قدر داں ہیں۔جس پر مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔