ْکورونا سے بچاؤ کے معاملہ پر قوم حکمرانوں کی بجائے اپوزیشن پر اعتماد کررہی ہے‘پرویز ملک

پاکستان میں کورونا وائرس حکومت کی طرف سے تفتان بارڈر پر حفاظتی انتظامات نہ کرنے کی وجہ سے پھیلا‘خواجہ عمران نذیر

منگل 24 مارچ 2020 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک ،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے معاملہ پر قوم حکمرانوں کی بجائے اپوزیشن پر اعتماد کررہی ہے،شہبازشریف کی صحت کی بنائی ہوئی سہولیات کو ہی آج استعمال کیا جا رہا ہے،پاکستان میں کورونا وائرس حکومت کی طرف سے تفتان بارڈر پر حفاظتی انتظامات نی کرنے کی وجہ سے پھیلا، شہباز شریف کا ڈینگی کے خلاف بنایا ہوا ڈیش بورڈ آج کرونا سے قوم کو بچانے کے لئے استعمال ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور آفس میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصف شاہ، میاں طارق۔ نذیر خان سواتی، چوہدری عبدالمجید چن نمبردارسمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نوازشریف اور شہبازشریف نے ملک اور قوم کے لئے جو کیا ہے پاکستان کی عوام اور ساری دنیا جانتی ہے۔پنجاب میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے دعوے کاغذوں اور بند کمروں دھرے رہ گئے حکمران صرف نعروں تک محدود ہیں قوم کو ایک پیج پر لانے کی ضرورت ہے، کرونا وائرس کا شکار سکیننگ کے تمام حکومتی انتظامات کا بھانڈا پھوٹ گیا عوام بے یاررو مددگارنالائق حکمران مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے گھروں میں قیامت آئی ہوئی ہے لیکن حکومتی ترجمانوں کو جگتیں سوجھ رہی ہیں، اگر ان کا یہ رویہ نہ ہوتا تو قوم اور ملک آج اس افراتفری اور انتشار میں نہ ہوتا، کرونا کا مقابلہ سوشل میڈیا پر جگت بازی سے نہیں ہوگا۔