سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد ملک کے مفاد میں ہے. وزیراعظم عمران خان

اجلاس میں سی پیک سمیت توانائی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 مارچ 2020 19:53

سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد ملک کے مفاد میں ہے. وزیراعظم عمران ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مارچ۔2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد ملک کے مفاد میں ہے. وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سی پیک سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے منصوبوں میں پیشرفت پر بریفنگ دی. اجلاس میں سی پیک سمیت توانائی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم کو سی پیک کے انرجی پورٹ فولیو کے 22 منصوبوں سے متعلق آگاہی دی گئی اجلاس میں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، گوادر پاور پراجیکٹ، تھر میں بجلی کے منصوبوں، کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سمیت توانائی کے شعبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.

(جاری ہے)

چیئرمین سی پیک نے وزیراعظم کو بتایا کہ سی پیک کے انرجی کے 9 منصوبوں پر پہلے ہی کام مکمل ہوچکا ہے وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک منصوبے پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، یہ منصوبے روزگار، مواصلات اور معاشی خوشحالی کے مواقع فراہم کریں گے. انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پر بروقت فیصلوں کی ضرورت ہے تاکہ ان منصوبوں پر لاگت میں اضافے سے بچا جاسکے عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، یہ ہنگامی حالات میں بار بار ثابت ہوا ہے.

چین کی دوستی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور سی پیک دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری کا مظہر ہے. وزیراعظم نے کہا کہ سماجی شعبوں خصوصاً غربت کے خاتمے اور زراعت کے فروغ کے سلسلے میں چین کے تجربات سے مکمل طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے دوران اجلاس وزیراعظم نے متعلقہ اتھارٹی کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کی.سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں کو جلد حتمی شکل دینے اور ان کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو منصوبوں کی تکمیل کی مدت متعین کرنے اور بین الوزارتی تعاون کو مزید موثر بنانے کا بھی کہا تاکہ متعینہ مدت میں مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکیں.اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سی پیک فیز ٹو کے منصوبوں کے اگلے جائزاتی اجلاس میں منصوبوں کی تکمیلی مدت، عملدرآمد، درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بریف کیا جائے اجلاس میں وزیراعظم کو سی پیک کے مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا.شرکا کو سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی، روڈ اور ریل نیٹ ورک، گوادر پورٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت کے فروغ، سماجی و اقتصادی ترقی، سیاحت اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی اور روڈ نیٹ ورک کے بیشتر منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گوادر بندرگاہ اور ایئرپورٹ پر کام مرحلہ وار طریقے سے جاری ہے.اسی طرح اورنج لائن منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ کوئٹہ ریلوے کی فزیبلٹی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے واضح رہے کہ وزیراعظم، علامہ اقبال خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھ چکے ہیں جبکہ رشاکئی خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد فروری میں متوقع ہے.اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ دھابیجی اقتصادی زون کی بولی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا علاوہ ازیں اس اہم اجلاس میں سی پیک فیز ٹو کے تحت سماجی و معاشی ترقی کے ضمن میں تعلیم، صحت، کم آمدنی والے افراد کےلیے ہاﺅسنگ اسکیم، غربت کے خاتمے، احساس پاورٹی پروگرام، غذائیت کی کمی اور دیگر مسائل کے خاتمے کے حوالے سے مجوزہ منصوبوں پر تجاویز کا جائزہ لیا گیا.