نیویارک میں کورونا وائرس بلٹ ٹرین کی رفتار سے بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، امریکی ریاست نیویارک کے گورنر کا خدشہ

بدھ 25 مارچ 2020 09:35

نیویارک میں کورونا وائرس بلٹ ٹرین کی رفتار سے بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، ..
نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2020ء) امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا ہے کہ نیویارک ملک میں جاری کورونا وائرس کے بحران کا مرکز بن چکا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیویارک کے گورنر نے کورونا وائرس کے علاج سے متعلقہ طبی سامان کی فراہمی کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ نیویارک میں یہ وائرس بلٹ ٹرین کی رفتار سے بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

نیویارک میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 25 ہزار سے بڑھ چکی ہے جبکہ 200 سے زائد افراد اس سے ہلاک ہوچکے ہیں، نئے کیسز کی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ انتہائی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔گورنر نے کہا کہ یہ وبا اس سے کہیں بڑی ہے جتنی ہم سوچ رہے تھے، یہ وبا اس سے کہیں تیز ہے جتنا ہمارے گمان میں تھا۔ گورنر کی جانب سے یہ تنبیہ ایسے وقت میں کی گئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ رائے دی گئی ہے کہ امریکہ کو کاروبار کے لیے آئندہ ماہ کھول دینا چاہیے۔ صدر ٹرمپ نے گورنر اینڈریو پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے طبی سامان کی بروقت ترسیل کے احکامات نہیں دیئے تھے۔