ٹرانسپورٹ سہولت بند ہونے سے زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے، اختر بٹ

جمعرات 26 مارچ 2020 15:20

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) پاکستان کیمسٹ ایسوسی ایشن ملتان ڈویژن کے صدر محمداختربٹ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ سہولت بند ہونے کی وجہ سے بیرون ملک اور اندرون ملک سے خام مال کی ترسیل رکنے کی وجہ سے جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پیدا ہونے والی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دل کے امراض، شوگر، ہیپاٹائٹس، گردوں کے امراض ، ٹی بی اور کینسر کے امراض کی بہت سی ادویات کی قلت ہونا شروع ہوگئی ہے۔

بہت سے عاقبت نا اندیش لوگوں نے ادویات کا سٹاک کرنا شروع کر دیا ہے۔ آج بھی سینٹی ٹائزر سے لے کر ماسک اور دیگر ادویات موجود ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ صرف کورونا وائرس پر ہی ساری توجہ مرکوز نہ کی جائے بلکہ دیگر امراض کی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔