ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1123 ہوگئی، ملک میں کورونا وائرس سے اس وقت صحتیابی کی شرح 1.9 فیصد ، اموات کی شرح 0.7 فیصد ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر

جمعرات 26 مارچ 2020 18:41

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1123 ہوگئی، ملک میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1123 ہوگئی، ملک میں کورونا وائرس سے اس وقت صحتیابی کی شرح 1.9 فیصد جبکہ اموات کی اس وقت شرح 0.7 فیصد ہے۔ جمعرات کو نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے نئے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 17 مزید کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 340 ہو گئی ہے۔

سندھ میں 417، بلوچستان میں 131 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ گلگت بلستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 84 ہے، خیبرپختونخوا میں 121 اور اسلام آباد میں 25 کیسز ہو گئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ 21 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں، سندھ میں 14، پنجاب میں 3 جبکہ اسلام آباد اور کے پی کے میں دو، دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں کورونا وائرس سے اس وقت صحتیابی کی شرح 1.9 فیصد ہے۔ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 8 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، کے پی کے میں 3، پنجاب میں 2 جبکہ سندھ، گلگت اور بلوچستان میں ایک، ایک مریض کی موت ہوئی۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی اس وقت شرح 0.7 فیصد ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس کے 1094 مریض زیر علاج ہیں۔