وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں سے مسلسل رابطہ میں ہے اور انھیں ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں،وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور

جمعرات 26 مارچ 2020 18:54

وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں سے مسلسل رابطہ میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت کورونا جیسی موذی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں حکومت کو عوام کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا کیسز سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس سلسلہ میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان حکومت سے مسلسل رابطہ میں ہے اور اس ضمن میں دونوں حکومتوں کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہمیشہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں سے بھرپور تعاون کیا ہے اور آزمائش کی اس گھڑی میں بھی وفاقی حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ، پاک افواج اور جی بی سکائوٹس سمیت حکومت کے دیگر ادارے کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کی ان کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے اور عوام، حکومت اور ڈبلیو ایچ او کی بتائی ہوئی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم نے انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ اور ایک قوم کی مانند ان حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی اس وقت سیاسی ایجنڈے کو کچھ عرصہ کیلئے سائیڈ پر رکھ کر پاکستان اور اس کے عوام کیلئے یکسو ہو کر کام کریں تاکہ اس وباء سے پاکستانی عوام کو بچایا جا سکے۔