کورونا سے پیدا صورتحال کے پیش نظر حکومتی فیصلوں کے عملدرآمد کیلئے نیلم میں سخت ترین اقدامات اٹھا رہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر

جمعرات 26 مارچ 2020 20:28

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) اسسٹنٹ کمشنر نیلم سید عمران عباس نقوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر حکومتی فیصلوں کے عملدرآمد کیلئے نیلم میں سخت ترین اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ماربل انٹری پوائنٹ پر سکریننگ کے نظام کو مزید فعال بنایا ہے۔ بیرون ملک اور پاکستان کے مختلف شہروں سے آنے والے افراد کی سکریننگ کیلئے یونین کونسل کی سطح پرمحکمہ مال،پولیس اور صحت کے نمائندوںپر مشتمل ٹیم تمام مشتبہ افراد کی سکریننگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔

کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اٹھارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی ڈی نیلم کے کانفرنس ہال میں صحافیوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی ایس پی نیلم سردار ظہیر اور فوکل پرسن محکمہ صحت سید مبشر گیلانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس ،صحت ،خوراک و دیگر جملہ محکمہ جات ساتھ مل کرکورونا کے وبا کو روکنے میں سر گرم عمل ہیں۔

لوکل گورنمنٹ کے ذریعے مزدور اور ایسے افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں جو ممکنہ وبا سے بالواسطہ متأثر ہو رہے ہیں تا کہ بوقت ضرورت ان کی مدد کی جا سکے۔ لاک ڈاؤن کا مقصد لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے اس لئے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے دن بدن سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے گریز کیا جائے اور سوشل میڈیا کے ذریعے خوف و ہراس اور غلط معلومات شئیر کرنے والوں کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں خود ساختہ مہنگائی کرنے والے تاجروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشتبہ مریض کے نمونے تشخیص کیلئے اسلام آباد بھیجے جائیں گے اور مشتبہ مریض کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی اور ہنگامی نقل و حرکت کیلئے انتظامیہ سے باقاعدہ تحریری منظوری ضروری درکار ہو گی۔ انہوں نے عوام الناس سے انتظامیہ کی حوصلہ افزائی اورمکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ۔