نیلم کورونا وائرس کے پیش نظر انتظامیہ ،محکمہ صحت کے تعاون سے بیرون اضلاع سے آنیوالے شہریوں کی سکریننگ جاری

جمعرات 26 مارچ 2020 20:28

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے پیش نظر انتظامیہ اورمحکمہ صحت کے تعاون سے بیرون اضلاع سے آنیوالے شہریوں کی سکریننگ جاری ہے۔ایسے افراد جو گزشتہ دنوں بیرون ملک یاپاکستان کے کسی علاقے سے نیلم آئے ہیں ان کی سکریننگ کیلئے انتظامیہ الرٹ ہے ان تک رسائی حاصل کرکے سکریننگ کیلئے ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھ مقام لایاجارہاہے جہاں پر ماہر ڈاکٹرز ان کی سکریننگ کر رہے ہیں۔

کورونا وائرس کی علامات پانے والے افراد کو قرنطینہ سنٹرمنتقل کیاجارہاہے ۔ ایم ایس ڈی ایچ کیونیلم ڈاکٹرانور بٹ ہستپال میں جاری سکریننگ کی نگرانی کررہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت عامہ سید مبشر گیلانی کے مطابق محکمہ صحت عامہ نیلم ، انتظامیہ، پولیس، محکمہ مال اور پاک فوج کے تعاون سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سرگرم عمل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام الناس سے التماس کی ہے کہ محکمہ صحت ،مال کی ٹیمیں گھر گھر جاکر باہر سے آنیوالے افراد کامکمل ڈیٹااکھٹاکررہے ہیں اور انہیں ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھ مقام میں منتقل کیاجارہاہے جہاں ایسے افراد کی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم اسپتال میں قائم ڈسک میں سکریننگ کررہی ہے جن افرادمیں کورونا وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں ان کو قرنطینہ سنٹر منتقل کیارجاہاہے۔

ڈی ایچ کیو نیلم ہسپتال کے فوکل پرسن عتیق الرحمن مغل نے بتایا کہ ادارہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹھ مقام پہلے دن سے ہی آگاہی مہم کے بعد دیگر مراحل پر کام کررہاہے ۔ ڈی ایچ کیو اسپتال اٹھ مقام میں انتظامیہ ، پولیس اور محکمہ صحت کی جانب سے بیرون ممالک یابیرون اضلاع ، پاکستان سے آنیوالے سینکڑوں افراد کی سکریننگ کاسلسلہ جاری تھا۔

ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سید مبشر گیلانی نے بتایاکہ محکمہ صحت ، پولیس اورمحکمہ مال ، افواج پاکستان کے تعاون سے چلہانہ /ماربل باب نیلم کے مقام پر تھرمل گن کے ذریعے سکریننگ کی جارہی ہے ۔ تاہم اس کے علاوہ بھی تمام ٹی ایچ کیو ، بی ایچ یو ودیگر مراکز صحت کے تحت ہر یونین کونسل میں ٹیمیں بیرون اضلاع سے آنیوالے افراد کا ڈیٹا اکھٹاکیاجارہاہے ۔