پولیس کا عوام کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے،پاسبان

گرفتار ہونے والے شہریوں کو فوری رہا کیا جائے،تمام مقدمات ختم کئے جائیں، وصول کی گئی رقومات واپس کی جائیں،عبدالحاکم قائد

جمعرات 26 مارچ 2020 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد اور جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا ہے کہ لاک ڈائون کے دوران تین دن میں 712 شہریوں کی گرفتار ی اور 215 کے خلاف مقدمات کے اندراج میں پولیس کی جانب سے واضح نا انصافی کی گئی ہے۔ایسامحسوس ہوتا ہے جیسے لاک ڈائون نہیں ہوا بلکہ انڈین بارڈرپر جنگ ہو رہی ہے۔

لاک ڈائون کے دوران کراچی پولیس کا عوام کے ساتھ ظالمانہ رویہ اور گالم گلوچ قابل مذمت ہے ۔ پاسبان دیموکریٹک پارٹی کا مطالبہ ہے کہ علی افسران اس کے خلاف فوری نوٹس لیں بلکہ پولیس اہلکاروںکو اس کا اعادہ کرنے اور عوام کی عزت نفس کی پامالی کے سلسلے کو روکا جائے۔ضرورت کے تحت گھروں سے نکلنے والے شہریوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے جھگڑے اور تشدد کے واقعات پولیس کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی وباء کے دور میں کرپشن اور رشوت کا جاری رہنا حکمرانوں کی طرف سے عوام پر عذاب ہے ۔ان واقعات میں عوام کوکسی بھی طرح کے حفاظتی اقدامات کے بغیر درجنوں افراد کو پولیس وینوں میں سوار کر کے تھانوںمیں لے جا کر بند کر دیا جاتا ہے جس سے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ تھانوں میں عوام سے بھاری رشوت بھی وصول کی جا رہی ہے ۔

فوری طور پر سندھ پولیس اینڈ پبلک سیفٹی کمیشن کو فعال کیا جائے جہاں عوام پولیس کے بیجا تشدد اور روپے بٹورنے کے خلاف شکایات درج کروا سکیں۔گرفتار ہونے والے شہریوں کو فوری رہا کیا جائے، مقدمات ختم کئے جائیں، وصول کی گئی رقومات واپس کی جائیں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں کراچی کے شہریوں کے ساتھ پولیس کے ظالمانہ اور ہتک آمیز رویے سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے مزید کہا کہ پولیس کا عملہ ایسے لوگوں کو گرفتار کر رہا ہے جو خود حالات کے جبر کا شکار ہیں۔

افواج پاکستان ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے لاک ڈائون پر عملدرآمد کی کوششوں کو پاسبان قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن کورونا وائرس کے پھیلائو اور اور روک تھام کیلئے دفعہ 144کی خلاف ورزیوں پر کاروائی کے دوران پولیس کے عملے کا نامناسب رویہ کسی بھی طرح جائز نہیں ہے۔بیروزگاری، اشیائے خوردونوش کی قلت اور مختلف پریشانیوں کا شکار عوام پولیس کے اس رویے سے دلبرداشتہ ہو رہے ہیں۔

ایسا نہ ہو کہ پولیس کا یہ رویہ عوام اور پولیس کو آمنے سامنے لے آئے ،اس سے قبل پولیس کو اپنے رویے کو درست کرلینا چاہیئے۔ پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار نے کہا کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے پندرہ روزہ لاک ڈائون کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا گیا، اٹھک بیٹھک کرائی گئی،مرغا بنایا گیا، موقعہ پر ہی سزائیں دی گئیں اور کئی شہریوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

بات اس سے بھی زیادہ سنگین تب ہوئی جب پولیس نے اپنے روایتی رویے کو برقرار رکھتے ہوئے اسی پر بس نہ کیا اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات بھی قائم کر دیئے ۔تھانوں میں عوام سے رشوت خوری اور لوٹ مار کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے۔ گرفتار شدگان سے روپے بٹور کر انہیں رہا کرنے والے پولیس اہلکاروںکے خلاف فوری کاروائی کی جانی چاہئے۔