مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی

جمعرات 26 مارچ 2020 21:19

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) دنیا بھر میں ہزاروں اموات کا سبب بننے والے کورونا وائرس نے پہلے سے ہی ظلم کا شکار مقبوضہ کشمیر میں بھی اپنے وار شروع کردئیے اور وہاں پہلی ہلاکت سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اکنامک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے حیدرپورا سے تعلق رکھنے والا 65 سالہ شخص وائرس سے انتقال کرگیا۔

سری نگر کے میئرجنید عظیم مٹو نے ٹوئٹ کیا کہ ہم کورونا وائرس سے پہلی موت کی بری خبر شیئر کر رہے ہیں، میرا دل مرنے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔علاوہ ازیں حکومتی ترجمان روہت کانسل نے بذریعہ ٹوئٹر پہلی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ حیدرپورا سرینگر سے تعلق رکھنے والے شخص کی موت کورنا وائرس سے پہلی ہلاکت ہے ان سے رابطے موجود دیگر 4 افراد کے نتائج بھی مثبت آئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان 4 متاثرہ افراد کے ساتھ مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 11 ہوگئی۔علاوہ ازیں این ڈی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ 65 سالہ مبلغ تھا اور ان کا 3 روز قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا،متاثرہ شخص کچھ روز قبل ہی دہلی اور اتر پردیش میں مساجد کے دورے سے واپس آیا تھا تاہم موت کی تصدیق کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا اور ان سے روابط کا کھوج لگایا جارہا ہے جبکہ جن 4 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے انہیں اور تقریباً 70 افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جس میں 7 ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔