گورنرسندھ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر دفتر کا دورہ

لاک ڈان سے متاثرہ افراد کے لئے راشن کی تیاری کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کے ریلیف پیکیج سے عوام کو مدد ملے گی۔ گورنر سندھ

جمعرات 26 مارچ 2020 21:28

گورنرسندھ کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر دفتر کا دورہ
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ گورنر سندھ نے لاک ڈاون سے متاثرہ افراد کے لئے راشن کی تیاری اور تقسیم کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی نے گورنر سندھ کو بریفنگ دی۔ گورنر سندھ نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی آفت سے نمٹنے کے لئے سیلانی ٹرسٹ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ سے مل کر متاثرہ خاندانوں میں ایک لاکھ راشن بیگز پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے عوام کو ماسک ،سینی ٹائزرز اور گلوز فراہم کر رہی ہے تاکہ اس کورونا کی احتیاطی تدابیر عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کی پابندی کرکے اس وبا کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ اسی لئے اس ضمن میں عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنے آپ، اپنے خاندان اور شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کورونا کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے ریلیف پیکج سے عوام کو اس مشکل گھڑی میں مدد ملے گی۔

سیلانی ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے نمٹنے میں ٹرسٹ حکومت کا ہر ممکن ساتھ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور مسلمان ہمارا یہ عقیدہ ہے کہ کثرت سے استغفار تمام مشکلات اور وباں کو ٹال دیتا ہے اس لئے ہمیں باوضو ہو کر استغفار کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کرنا چاہئیے۔