گورنر پنجاب سے مولانا طاہر اشرفی سمیت تمام مکتبہ فکر کے 20 علماء کی ملاقات

جمعرات 26 مارچ 2020 21:40

گورنر پنجاب سے مولانا طاہر اشرفی سمیت تمام مکتبہ فکر کے 20 علماء کی ملاقات
لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان علماء کونسل کے چیئر مین مولانا طاہر اشرفی سمیت تمام مکتبہ فکر کے 20جید علماء کی ملاقات کے بعد جاری مشتر کہ اعلامیہ میںعلما ء کی یک زبان ہو کر عوام کو گھروں میں رہنے اور گھروں میں باقاعدگی سے نماز کی ادائیگی کی تلقین اور طبی ماہرین، ڈاکٹرز اور انکے معاونین کوکورونا کے خلاف بھرپور جنگ لڑ نے پر خراج تحسین جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ اگر عوام نے گھروں میں رہنے کی حکومتی اپیل نہ مانی تو سخت ایکشن لینے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گاکیونکہ ہم نے ہر صورت عوام کو کورونا سے بچانا ہے۔

اپوزیشن کورونا پر سیاست نہ کرے یہ وقت پاکستان کو اٹلی جیسے حالات سے بچانے کا ہے سب کو متحد ہونا پڑیگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان علما کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی، مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد،جامعہ اشر فیہ کے سر براہ مولانا فضل رحیم ،جامعہ نعیمیہ کے سر براہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی،بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد ،مولانا غلام محمد سیالوی، مولانا عبد الملک، پیر صاحبزادہ رضا محمد، ڈاکٹر ممتاز الحسن بھروی،مولانا محمد عامر، مفتی عاشق حسین، صاحبزادہ عبدالمصطفی،علامہ نیاز حسین نقوی، پیر ناظم حسین شاہ، مولانا افضل حسین حیدری، مولانا صاحبزادہ فضل رحیم، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اورڈی جی اوقاف سمیت دیگر نے ملاقات کی جبکہ اس موقعہ پر صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران کورونا سے پیدا ہونیوالے اور حکومتی ہدایات سمیت دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی گئی۔اس موقع پر جاری مشتر کہ اعلامیہ میںگور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ علماء سمیت معاشر ے کے تمام طبقات متحد ہورہے ہیںا ور انشاء للہ ہم سب ملکر22کروڑ پاکستانی عوام کو کورونا کی وباء سے بچائیں گے مگر اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام گھروں میں رہیں اور باہر نہ نکلیں کیونکہ جبکہ لوگ گھروں سے باہر نکلیں تو خود کوکو ورونا سے بچانا مشکل ہو جائیگا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم عوام سے بار بار اپیل کررہے ہیں کہ وہ گھر وںمیں رہیں لیکن اگر عوام نے حکومت کی اپیل نہ مانی تو پھر حکومت کے پاس سخت ایکشن لینے کے سواکوئی آپشن نہیں ہوگا ہم نے ہر صورت عوام کو کورونا سے بچاناہے جسکے لیے جو بھی اقدامات کر نے پڑ یں وہ یقینی بنائیں گے اورہم علماء کے شکر گزار ہے کہ وہ کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں۔

مشتر کہ اعلامیہ میں علماء نے کہا ہے کہ کورونا سے بچائو کیلئے حکومتی ہدایت کے مطابق مکمل تعاون کر یں گے اور انشاء للہ ہم سب ملکر کورونا کی وباء کو شکست دیں گے اور تمام علماء عوام کو تلقین کر رہے ہیں کہ وہ کورونا سے بچائو کیلئے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں اور گھر وں میں باقاعدگی کیساتھ نماز ادا کر یں اور حکومتی ہدایت پر مکمل عمل کر یں پوری قوم کورونا سے بچائو کیلئے فر نٹ لائن پر لڑ نے والے ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملے کو سلام پیش کرتی ہے۔