کورونا وائرس کا علاج دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہے اس بیماری سے بچنے کا واحد راستہ سماجی رابطوں سے گریز ہے ،سردار اختر جان مینگل

ہمیں کورونا وائرس کی زنجیر کو توڑ کر اس سے نجات حاصل کرنی ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی

جمعرات 26 مارچ 2020 23:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا علاج دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہے اس بیماری سے بچنے کا واحد راستہ سماجی رابطوں سے گریز ہے ،ہمیں کورونا وائرس کی زنجیر کو توڑ کر اس سے نجات حاصل کرنی ہے، عوام گھروں میں رہے اور صفائی کا خیال رکھے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائر س پاکستان سمیت 190ممالک میں پہنچ چکا ہے اس بیماری سے 3لاکھ 90 ہزار افراد متاثر جبکہ ساڑھے 16ہزار افراد کی اموات ہوئیں اور یہ وباء مزید بھی پھیل رہی ہے ،اس وباء کی روک تھام اور اس سے بچنے کے لئے علاج ابھی تک ترقی یافتہ ممالک بھی دریافت نہیں کر سکے وہ بھی اس وباء سے بچنے کی ترکیبیں سوچ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم عوامی اجتماعات، ایک دوسرے سے ملنے ، سماجی رابطے کرنے سے کچھ دن گریز کریں ، اگرہم کچھ دن ایک دوسرے سے دو رہیں تو اس کا نقصان ہونے کے بجائے ہم نہ دیکھائی دینے والے ایک دشمن سے اپنے آپ کو بچا سکتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ ہمارے پر اپنے آپ اور اہلخانہ کو بچانے کا واحد ذریعہ یہی ہے کہ جس حد تک ہو سکے گھروں میں رہیں اور صفائی کا خا ص خیال رکھیں ،اپنے ہاتھ دھوئیں،ماسک کا استعمال کریں ،اگر ماسک نہ ملیں تو کپڑے اور رومال کا استعمال کیا جا سکتاہے ،انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا ہماری ذمہ داری ہے کہ یہ با ت ہمیں خود دسیکھتے ہوئے دوسروں کوبھی سیکھائیںہمیں کورونا وائرس کی زنجیروں کو توڑنا ہے، میری پاکستان اور بلخصوص بلوچستان کے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ چند دن گھروں میں رہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اور انہیں کھانا نہیں ملے گا لیکن ہم دس دن کی بھوک تو برداشت کرسکتے ہیں لیکن اپنے بچوں کی موت نہیں دیکھ سکتے ہم اپنے بزرگوں سے دو رہ سکتے ہیں لیکن انہیں بیماری سے مرتا نہیں دیکھ سکتے لہذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ احتیاط برتیں اللہ ہم سب کو اس بیماری سے محفوظ رکھے اور نجات دلائے