گورنر سندھ عمران اسماعیل کا سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کا دورہ

اس وقت پوری قوم سخت مشکل سے گذر رہی ہے ہم ایک زندگی بچانے میں کامیاب ہوگئے تو ہم نے پوری انسانیت کو بچا لیا، گورنر سندھ

جمعرات 26 مارچ 2020 23:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے دورہ کے موقع پر کہا ہے کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اپنا کام بخوبی انجام دے رہا ہے، اس وقت پوری قوم سخت مشکل سے گذر رہی ہے ہم ایک زندگی بچانے میں کامیاب ہوگئے تو ہم نے پوری انسانیت کو بچا لیا۔ گورنر سندھ کا اس موقع پر کہا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اب تک بنا کسی سرکاری امداد کے چل رہا ہے انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ وزیر اعظم ریلیف فنڈ کے ساتھ اشتراک کی بات کریں گے تاکہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اپنا کام مزید آسانی کے ساتھ کر سکے ۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ اور اسکی ٹیم کے کئے جانے راشن تقسیم کے کاموں کو سراہاانہیں خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

بانی وچیئرمین سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی نے اشیاء وخوردونوش کی ترسیل میں درپیش رکاوٹوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمیں آٹے کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،انہوں نے گورنر سندھ سے تمام مسائل کے حل کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ سے مشاورت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ، گورنر سندھ نے یقین دلایا کہ وہ وزیر اعلیٰ سے مشاورت کریں گے اور مسائل کا حل نکالیں گے ۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے کام کو سراہا اور وفاقی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر موجود ممبر قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر نے بھی پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، انکا کہنا تھا کہ ہم سیلانی سے مدد لینے یہاں آئے ہیں ۔