تحریک انصاف اور تحریک لبیک کا ایجنڈا ایک ہی ہے

جس جماعت کو دہشتگرد کہتے تھے آج اسی کیلئے احتجاج کی کال دے رہے ہیں، پی ٹی آئی کے زیرحکومت صوبہ دہشتگردی اور کرپشن کا مرکز بن چکا ہے،وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 اکتوبر 2025 18:41

تحریک انصاف اور تحریک لبیک کا ایجنڈا ایک ہی ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 16 اکتوبر 2025ء ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اپنے دورِ حکومت میں جلاد اور فرعون کا بیک وقت کردار ادا کرتے رہے، اور آج جیل کی دیواروں نے ان کی ذہنی حالت کو مفلوج کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مذہبی جماعت کو ماضی میں موصوف دہشت گرد اور شدت پسند قرار دیتے تھے، آج اسی جماعت کے لیے اپنے پارٹی کارکنوں کو احتجاج کی کال دے رہے ہیں، جو ان کے یوٹرن اور دوہرے معیار کی واضح مثال ہے۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ جب ان کی ' ' فائنل کال ' ' کو پاکستان عوام مسترد کر چکی ہے، تو اب وہ کس منہ سے دوبارہ کال دے رہے ہیں۔ اب ہر پاکستانی سوچنے پر مجبور ہے کہ تحریک انصاف اور تحریک لبیک کا ایجنڈا ایک ہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختو نخوا، جہاں اس وقت تحریک انصاف کی حکومت ہے، دہشت گردی، بدانتظامی اور کرپشن کا مرکز بن چکا ہے۔ امن و امان قائم کرنے کے بجائے، وہاں کی حکومت انتشار پھیلانے کے لیے حکومتی تبدیلیوں کو واحد حل سمجھتی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کی بطور جماعت پالیسی عوام کو ریلیف دینا نہیں بلکہ ملک میں انتشار  پھیلانا ہے۔ ان کا ماضی اور حال اس حقیقت کو بار بار ثابت کر چکا ہے۔ 
دوسری جانب مرکزی جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا میاں ڈاکٹر محمد اجمل قادری کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے احتجاج کی مثال ایسے ہی ہے کہ جیسے ہم جمعہ کی نماز اتوار کو ادا کریں، پاکستانی سڑکوں پر جو کچھ ہو رہا ہے اسے انڈین میڈیا بہت برے انداز سے پروپیگنڈا بنا کر پیش کر رہا ہے ، سعد رضوی کی جماعت ٹی ایل پی وہ انداز اختیار کرے جس سے قومی تقاضے پورے ہو سکیں ۔