نوابزادہ لیاقت علی خان نے اپنی انتھک محنت، دیانتداری اور بصیرت سے قوم کی خدمت کی ، سید یوسف رضا گیلانی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 18:00

نوابزادہ لیاقت علی خان نے اپنی انتھک محنت، دیانتداری اور بصیرت سے قوم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےکہ نوابزادہ لیاقت علی خان بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مخلص ساتھی، عظیم رہنما اور سچے محبِ وطن تھے جنہوں نے قیامِ پاکستان کے فوراً بعد نو تشکیل شدہ ریاست کی تعمیر و استحکام کے لئے تاریخی کردار ادا کیا۔سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملک کے پہلے وزیرِاعظم شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کی 74ویں برسی کے موقع پر ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئےچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوابزادہ لیاقت علی خان نے اپنی انتھک محنت، دیانتداری اور بصیرت سے قوم کی خدمت کی اور پاکستان کے سیاسی، معاشی اور سفارتی استحکام کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ شہیدِ ملت نے ملکی مفاد، جمہوریت اور قومی یکجہتی کو ہمیشہ مقدم رکھا اور اپنی جان اس عظیم مقصد پر نچھاور کر دی۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ لیاقت علی خان کی شہادت تاریخ کا ایک المناک باب ہے مگر ان کے نظریات، عزم اور جدوجہد آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بطورِ قوم شہیدِ ملت کے افکار کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ملک میں اتحاد، عدل، اور جمہوری روایات کے فروغ کے لئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی رہنماؤں، عوام اور نوجوان نسل کو نوابزادہ لیاقت علی خان جیسے رہنماؤں کے کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے یکجا ہونا چاہئے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہیدِ ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کے درجات بلند فرمائے اور ہمیں ان کے اصولوں اور مشن پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔