وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:45

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے دہشت گرد حملوں میں پولیس اور فورسز کے افسران و جوانوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر داخلہ کی قیادت میں اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں اور قذافی سٹیڈیم کی بحالی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ملاقات میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔