Live Updates

مہمند میں پاک فوج کا انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب آپریشن، 45 سے 50 خوارج ہلاک

پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر فتنتہ الخوارج کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جسے پاک فوج نے ناکام بنادیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:51

مہمند میں پاک فوج کا انٹیلی جنس بیسڈ کامیاب آپریشن، 45 سے 50 خوارج ہلاک
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2025ء)  پاکستان آرمی نے خیبرپختونخواہ کے ضلع مہمند میں دراندازی کی کوشش کرنے والے بھارتی اسپانسرڈ فتنتہ الخوراج کے 45 سے 50 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر فتنتہ الخوارج کی جانب سے خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں دراندازی کی کوشش کی گئی جسے پاک فوج نے ناکام بنادی ۔

ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن خفیہ معلومات پر کیا، اس دوران فتنتہ الخوارج کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ کے گھنٹے تک جاری رہا، ہلاک خوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے آئے تھے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنتہ الخوارج کے خلاف آپریشنز کے دوران کئی خوارج زخمی ہوئے جب کہ پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس وقت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے مکمل کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

اس سے قبل 13 سے 15 اکتوبر 2025ء کے دوران خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں بھارتی ایجنسیوں کے زیر اثر دہشت گرد تنظیم الخوارج سے تعلق رکھنے والے 34 دہشت گرد مارے گئے۔ فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جہاں دورانِ کارروائی دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات