مسلم لیگ ن نے حفاظتی سامان کی پہلی کھیپ ڈاکٹروں کے حوالے کردی

5 ہزارحفاظتی لباس اور5 ہزار ماسک ڈاکٹروں کو دیے ہیں، حکومت سے مطالبہ تھا کہ طبی عملے کو سامان فراہم کیا جائے، انسانیت کیلئے لڑنے والوں کی حفاظت ضروری ہے، مزید سامان بھی فراہم کرینگے۔ صدر(ن) لیگ شہباز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 26 مارچ 2020 22:05

مسلم لیگ ن نے حفاظتی سامان کی پہلی کھیپ ڈاکٹروں کے حوالے کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2020ء) مسلم لیگ ن نے حفاظتی سامان کی پہلی کھیپ ڈاکٹروں کے حوالے کردی، صدر ن لیگ شہبازشریف نے کہا کہ 5 ہزارحفاظتی لباس اور5 ہزار ماسک ڈاکٹروں کو دیے ہیں، حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے کو سامان فراہم کیا جائے، انسانیت کیلئے لڑنے والے لوگوں کی حفاظت کیلئے اورسامان بھی فراہم کرینگے۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پارٹی قائد محمد نوازشریف کی ہدایت پر ڈاکٹرز، طبی عملے کی حفاظت کے لئے سامان فراہم کیا ہے پہلی کھیپ میں 5 ہزار حفاظتی لباس اور 5 ہزار ماسک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شہبازشریف کی اپیل پر مخیر شخص عرفان نے یہ عطیہ بھجوایا ہے۔ جسے ڈاکٹرز کو دیا جائے گا امید ہے کہ ملک بھر کے کاروباری، مخیر حضرات، کاروباری انجمنیں وسعت قلبی کا مظاہرہ کریں گی۔

ترجمان ن لیگ کا کہنا ہے کہ سرجیکل سامان بنانے کے کاروبار سے وابستہ شخصیت نے5500 ماسک خاص طورپر تیار کرکے عطیہ کئے ہیں۔ اہل وطن اور کورونا کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے یہ تحفہ قابل قدر ہے۔ 10 ہزار حفاظتی کٹس پانچ ہزار اور پانچ ہزار کے دوحصوں میں حوالے کی جائیں گی۔ اسی طرح شہبازشریف نے لاک ڈاؤن کے دوران خوراک اور ادویات کی فراہمی کا پلان جاری کیا ہے۔

جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے ملک بھر میں خوراک اور ادویات کی فراہمی شروع کی جائے۔ٹیلی فون لائنز، موبائل اپلیکیشن کو استعمال کرکے شہری گھروں سے آرڈر لکھوائیں ۔ ڈاک خانے، این ایل سی کے عملے اور گاڑیوں کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان کی ترسیل کے لئے ریلوے فریٹ استعمال کیا جائے۔ بیت المال، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر سبسڈیز کوجمع کرکے خوراک اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں ۔

یہ خدمات انجام دینے والی افواج، عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، رینجرز، پولیس، ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملہ اورعوامی خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کو سلام پیش کرتا ہوں فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت یقینی بنائی جائے پوری قوم کی زندگی کی ضمانت ہے ۔اشیاء کی فراہمی میں انہیں وائرس سے محفوظ بنانے کا خاص خیال رکھا جائے ۔اس عمل میں نجی شعبے کی بھی مدد لی جاسکتی ہے، کاروپوریٹ سیکٹر مدد کرسکتا ہے ۔ملک میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مکمل لاک ڈاون ناگزیر ہے ۔