آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال میں انڈر ٹرائل قیدیوں کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم

جمعہ 27 مارچ 2020 23:02

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2020ء) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال میں انڈر ٹرائل قیدیوں کو ضمانت پررہا کرنے کا حکم دے دیا۔ آزاد جموں وکشمیر عدالت العالیہ کے قائمقام چیف جسٹس اظہر سلیم بابر کی سربراہی میں بننے والے لاجر بینچ جس میں عدالت العالیہ کے جج جسٹس چوہدری محمد منیر، جسٹس رضا علی خان بھی شامل تھے، نے آزادکشمیر کی جیلوں میں مختلف جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزا کاٹنے والے قیدیوں کی جانب دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انڈر ٹرائل قیدیوں جن کے جرائم کی سزا دس سال یا زائد بنتی ہے، کو دو ماہ کی مشروط ضمانت جبکہ دس سال سے کم سزا والے جرائم میں انڈر ٹرائل قیدیوں کو شیورٹی اور پرسنل بیل بانڈز پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم سنا دیا۔

(جاری ہے)

فیصلے کے مطابق شیورٹی اور پرسنل بانڈ کو ڈسٹرکٹ یا جوڈیشل مجسٹریٹ تصدیق کرنے اور تسلی کرنے کا پابند ہو گا. اس فیصلے کا اطلاق مختلف جرائم میں سزا یافتہ قیدیوں پر نہیں ہوگا تاہم متعلقہ حکام سزا یافتہ قیدیوں کو جیل رولز کے تحت پیرول پر رہا کرنے کے حوالے سے غور کر سکتے ہیں۔ دھشت گردی یا ریاستی مفاد کے خلاف جرائم میں ملوث قیدیوں پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

عدالت العالیہ نے محکمہ صحت کو بھی اس فیصلے میں ہدایت کی ہے وہ انڈر ٹرائل قیدیوں کی ضمانت سے قبل کرونا وائرس کے حوالے سے ضروری ٹیسٹس کریں اور اگر کوئی کیس پازیٹو آئے تو اس قیدی کو قرنطینہ سینٹر میں داخل کرنے کے فوری انتظامات کیے جائیں۔ صدر سنٹرل بار مظفرآباد ناصر مسعود مغل ایڈوکیٹ نے آزادکشمیر کی جیلوں میں قید قیدیوں کی جانب سے عدالت العالیہ میں ضمانت کی درخواستوں کے ذریعے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی استدعا کی تھی۔

حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اخلاق حسین کیانی اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل راجہ ایاذ فرید نے پیروی کی جبکہ اانسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر مظفرآباد، ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات اور APP/SZS ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔