بڑے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ بنانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہوٹلز کو قرنطینہ سنٹر بنانے کے خلاف درخواست مسترد کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 اپریل 2020 15:27

بڑے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ بنانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا گیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-03اپریل2020ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بڑے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ بنانے جانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہنگامی حالت میں ہوٹلز کو قرنطینہ بنانے کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کو بنیادی اشیاء ،کپڑے فراہم کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی ہے۔

عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آج سنایا گیا۔درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔نجی ہوٹل کی جانب سے ایڈوکیٹ سکندر بشیر عدالت کے رو برو پیش ہوئے اور اپنے تحفظات سے عدالت کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ سنٹر بنانے کے بعد کون اس ہوٹل میں آئے گا۔حکومت نجی پراپرٹی کے بجائے وزیراعظم کا گھر استعمال کیوں نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر عوامی تحفظ کی بات ہو تو اس کے لیے حکومت میرا گھر بھی استعمال کر سکتی ہے۔حکومت جو کر رہی ہے عوام کے تحفظ کے لیے کر رہی ہے۔عدالت کیسے مداخلت کر سکتی ہے۔ دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آج سنا دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان میں بھی کورونا وائرس کا خوف پھیلا ہوا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے مزید7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔جبکہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2450 تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں پنجاب میں 11، سندھ میں 11،خیبر پختونخوا 9، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

پاکستان میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 173 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔جبکہ 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جن میں خیبرپختونخوا میں تین،سندھ میں دو ، پنجاب اور گلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 922، سندھ حکومت 783، خیبرپختونخوا میں 311، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان 187، اسلام آباد میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا۔اور آج ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2450 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں ایک کروڑ 85 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔