کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

وزیراعظم عمران خان کا اظہار اطمینان، فورس کو صوبائی سطح پر فوری متحرک کرنے کی ہدایت

منگل 7 اپریل 2020 16:55

کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 8 لاکھ کے قریب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2020ء) وفاقی کابینہ کو وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق تازہ ترین رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو صوبائی سطح پر فوری طور پر متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کابینہ ارکان کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلق تازہ اعداد و شمار پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے رپورٹ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے فورس کو صوبائی سطح پر فوری طور پر متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ کو کووڈ۔19 کی سرکاری ویب سائٹ پر پبلک کر دیا گیا۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے وفاقی کابینہ کو بتایا کہ ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے، رجسٹرڈ نوجوانوں میں سب سے زیادہ تعداد طلباء اور سوشل ورکرز کی ہے، انجینئرز، اساتذہ، وکلاء اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی ٹائیگر فورس میں شامل ہیں، ڈاکٹرز، صحافی، سیاسی کارکنوں، این جی اوز اور ریٹائرڈ آرمڈ فورسز سے وابستہ افراد نے بھی رجسٹریشن میں حصہ لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب سے رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے، سندھ سے ایک لاکھ 11 ہزار پختونخوا سے ایک لاکھ 2 ہزار نوجوان، اسلام آباد سے 10 ہزار، بلوچستان سے 9 ہزار اور آزاد کشمیر سے 8 ہزار نوجوان فورس کا حصہ بن گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبہ کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں، نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے۔