بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی، معیاری، زائدالمیعاد اور مضر صحت اشیاء خورد نوش کی فروخت پر متعدد مراکزکو جرمانہ

پیر 13 اپریل 2020 23:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری، زائدالمیعاد اور مضر صحت اشیاء خورد نوش کی فروخت پر متعدد مراکز پر جرمانہ عائد کردیا، بی ایف اے معائنہ ٹیموں نے جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ، اسپنی روڈ،مغربی بائی پاس، ایئرپورٹ روڈ اور سبزل روڈ میں قائم میٹ شاپس،بیکریوں،جنرل سٹورز و ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کا معائنہ کیا اور اشیاء کی کوالٹی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا،دوران معائنہ ایک ڈپارٹمنٹل سٹور اور ایک جنرل سٹور کو زائد المعیاد خوردنی اشیاء جن میں کوکنگ آئل،گھی،مشروبات،کسٹرڈ پاؤڈر، پیکڈ پاپڑ اورمضرصحت وممنوعہ گٹکا، پان پراگ کی فروخت،جبکہ تین میٹ شاپس کو غیر معیاری گوشت کی فروخت و صفائی کی ابتر صورتحال پر جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مزکورہ ڈیپارٹمنٹل اور جنرل سٹور سے برآمد ہونے والی زائدالمیعاد و دیگر مضر صحت اشیاء کو تلف کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد کھانے پینے کے مراکز کو معیار ی و محفوظ اشیا ء کی فروخت اور صفائی کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی اس سلسلے میں مراکز مالکان و عملے کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عوام کو غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق آگاہی دی گئی جبکہ اس ضمن میں انہیں اصلاحی نوٹسز اور خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :